حکومت کے مختلف اداروں نے6ستمبر کی تمام تیاریاں مکمل کرلیں

حکومت کے مختلف اداروں نے6ستمبر کی تمام تیاریاں مکمل کرلیں

  

لاہور(کر ائم رپورٹر) اس بار چھ ستمبر کو یومِ دفاع و شہداء منفرد انداز سے منانے کی تیاریاں مکمل کر لی گئیں۔آئی ایس پی آر اور حکومت کے مختلف اداروں نے تمام تیاریوں کو حتمی شکل دے دی۔ چھ ستمبر کے موقع پروطن کی حفاظت اور بقاء کے لیے جان کا نذرانہ پیش کرنے والوں کو سلام پیش کیا جائے گا۔شاپنگ مال شہیدوں کی تصاویر سے سجائے جائیں گے۔ بسوں، ویگنوں، ٹرکوں اور پرائیویٹ گاڑیوں پر شہداء کی تصاویر لگائی جائیں گی۔ پاکستان ریلوے انتظامیہ ٹرینوں اور اسٹیشنوں پر شہدا کی تصاویر آویزاں کرے گی۔تمام ائیر پورٹس پر شہدا کی تصاویر لگائی جائیں گی۔ یومِ دفاع کے سلسلے میں افواجِ پاکستان ہتھیاروں کی نمائش کریں گی۔ افواجِ پاکستان کے شہداء کے لواحقین اور غازیوں کے لئے فوجی چھاؤنیوں میں دن کے وقت تقاریب منعقد ہو نگی۔ تعلیمی اداروں میں شہدا کی یاد اور وطن سے محبت کی تقریبات ہونگی۔تمام ادارے اپنے اپنے شہداء کی یاد میں خصوصی تقاریب منعقد کریں گے۔ڈی جی آئی ایس پی آر نے اس حوالے سے وزارت اطلاعات ،سول سوسائٹی، میڈیا اور افواجِ پاکستان کے نمائندوں کو پلان سے آگاہ کردیا ہے۔جس کے مطابق ’’ ہمیں پیار ہے پاکستان سے‘‘ کے نام سے یومِ دفاع و شہداء منایا جائے گا۔

وزارت اطلاعات اور آئی ایس پی آر ملک گیر مہم کا فوکل پوائینٹ ہونگے۔ شرکاء کو شہیدوں کے ناموں کی فہرست اور ایڈریس مہیا کیے گئے۔ یوم شہداء کی مرکزی تقریب جی ایچ کیو میں منعقد ہو گی جسے براہِ راست نشر کیا جائے گا۔ ڈی جی آئی ایس پی آر نے اس موقع پر کہا کہ قوم کے نمائندے ہر شہید کے گھر جائیں گے۔ کوئی شہادت بھولی نہیں جائے گی۔ ہر شہید کی تصویر پر شہادت کی تفصیل اور جائے شہادت لکھا جائے گا۔ شہیدوں کے لواحقین کا شکریہ ادا کیا جائے گا۔ چیمبر آف کامرس، انجمن تاجران اور سول سوسائٹی کی بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی گئی۔

مزید :

میٹروپولیٹن 4 -