فوڈ ڈیپارٹمنٹ میں ای گورننس لائیں گے ، وزیر خوارک پنجاب سمیع اللہ چوہدری

فوڈ ڈیپارٹمنٹ میں ای گورننس لائیں گے ، وزیر خوارک پنجاب سمیع اللہ چوہدری

  

لاہور (ا ین این ائی)صوبائی وزیر خوراک سمیع اللہ چوہدری کی زیر صدارت وزارت خوراک کے ماتحت اداروں کا اجلاس منعقد ہوا جس میں افسران نے بریفنگ دی۔بعدازاں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خوراک نے محکمہ خوراک کے افسران کو آئندہ کے لائحہ عمل سے آگاہ کیا۔اجلاس میں سیکرٹری خوراک شوکت علی اور پنجاب فوڈ اتھارٹی کے افسران نے شرکت کی۔ وزیر خوراک کا کہنا تھا کہ اشیائے خوردونوش میں ملاوٹ کرنے والے یا تو اپنا قبلہ درست کرلیں یا پھر پنجاب چھوڑ دیں۔ وزیراعظم عمران خان نے اپنی پہلی تقریر میں جو ویژن عوام کے سامنے رکھا تھا انشاء اللہ اس پر عمل کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ میں نے فوڈ ڈیپارٹمنٹ اور دیگر سٹیک ہولڈرز سے ادارے کی کارکردگی کے حوالے سے بریفنگ لی ہے آج بھی اسی حوالے سے اجلاس طلب کیا گیا ہے، تمام متعلقہ اداروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ خریداری کے عمل کو مزیدشفاف بنانے کے لئے بروقت تیاری کی منصوبہ بندی کریں۔ ملاوٹ کرنے والوں کو بالکل برداشت نہیں کیا جائے گا۔عوام کو صاف ستھری ، حلال اور حفظان صحت کے اصولوں کے مطابق خالص خوراک مہیا کرنا ہمارا نصب العین اور مشن ہے۔ پنجاب فوڈ اتھارٹی کو مزیدفعال اور جدیدخطوط پر استوار کیا جائے گا ۔محکمہ خوراک نے منصوبہ بندی کے ساتھ موجودہ سٹاف کے بہترین مصرف کو یقینی بنائیں گے تاکہ خریداری کے وقت کسانوں کو ریلیف مہیا کیا جائے۔اگلے سال کی گندم پالیسی کے لئے تجاویز مرتب کی جارہی ہیں ، تمام سٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے اسے حتمی شکل دی جائے گی۔

اور مرکزی حکومت کو ارسال کی جائے گی تاکہ اجناس کی بروقت امدادی قیمت طے کی جاسکیں۔شکایات کے حوالے سے یونیورسل ایکسس نمبراور آن لائن کمپلینٹ سیل کو فعال کریں گے اور میں خود اس کی نگرانی کروں گا۔میری میڈیا اور عوام سے گزارش ہے کہ وہ ہر قسم کی ملاوٹ کے حوالے سے ہمیں باخبر رکھنے میں اپنا کردار ادا کریں۔فوڈ ڈیپارٹمنٹ میں ای گورننس لائیں گے تاکہ عوام کو مثالی سہولیات مہیا کی جاسکیں۔

مزید :

کامرس -