پی پی نے حکومت سہولت کیلئے اپنا صدارتی امیدوار کھڑا کیا ، رانا ثناء اللہ

پی پی نے حکومت سہولت کیلئے اپنا صدارتی امیدوار کھڑا کیا ، رانا ثناء اللہ

  

اسلام آباد(آئی این پی) مسلم لیگ (ن) کے رہنما رکن قومی اسمبلی رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کی حکومت کا جو رویہ ہے یہ 6ماہ بھی حکومت نہیں چلا سکتے، پیپلز پارٹی نے حکومتی امیدوار کو سہولت دینے کیلئے اپنا امیدوار کھڑا کیا ہے ، عمران خان نے کنٹینر پر کھڑے ہو کر جو کلچر متعارف کرایا آج اس کو بھگت رہے ہیں، جن شہدا نے اس ملک میں امن کیلئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا ہے ان کو ساری قوم سلام پیش کرتی ہے،عمران خان کا ہیلی کاپٹر کے استعمال کی وجہ پر پوری دنیا مذاق اڑا رہی ہے۔وہ جمعرات کو پارلیمنٹ ہا ؤ س کے باہر میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ متحدہ اپوزیشن کی طرف سے صدارتی امیدوار کیلئے مولانا فضل الرحمن ہیں دوسرا کوئی نہیں ہے۔ ہمارے تمام ممبران اپوزیشن کا کردار ادا کریں گے۔ پیپلز پارٹی کا اصل مسئلہ سندھ حکومت ہے۔ وفاقی حکومت سندھ میں پیپلز پارٹی کو سہولت فراہم کر رہی ہے اور پیپلز پارٹی ان کو وفاق میں سہولت فراہم کر رہی ہے۔ پہلے وزیر اعلی عثمان بزدار کو لوگ بھولے نہیں تھے کہ اب پنجاب کے وزار اطلاعات فیض الحسن چوہان کو یاد کر رہے ہیں۔ عمران خان نے جو ہیلی کاپٹر کے استعمال کی وجہ بتائی اس پر پوری دنیا مذاق اڑا رہی ہے۔پہلے ہم یہ توقع کر رہے تھے کہ پی ٹی آئی اڑھائی سال تک حکومت کر لے گی اور ہم مڈ ٹرم انتخابات کی طرف جائیں، لیکن ان کے رویے کے باعث ایسا لگ رہے ہے کہ یہ حکومت چھ ماہ بھی نہیں چل سکے گی۔

مزید :

صفحہ آخر -