حکومت کا ملک بھر میں 10ارب درخت لگانے کے منصوبے پر عملدرآمد شروع

حکومت کا ملک بھر میں 10ارب درخت لگانے کے منصوبے پر عملدرآمد شروع

  

اسلام آباد(آن لائن )وفاقی حکومت نے ملک بھر میں 10ارب درخت لگانے کیلئے منصوبہ بندی شروع کردی ، 2ستمبر سے گرین پاکستان کے حوالے سے شجر کاری کی جائیگی جس میں ملک بھر میں 200سے زائد گرین پوائنٹس بنائے جائیں گے جہاں عوام کو مفت پودے دئیے جائیں گے جبکہ وزیر اعظم عمران خان اسلام آباد میں پودا لگاکر مہم کا آغاز کریں گے ۔وفاقی وزیر ماحولیات ملک امین اسلم نے گزشتہ روز پریس کانفرنس کرتے ہوئے میڈیا کو بتایا کہ ملک کے اکثر علاقوں میں درخت غائب ہوچکے ہیں جس کی وجہ سے موسمیاتی تبدیلیاں رونما ہورہی ہیں۔ پاکستان بھی ان ممالک میں شامل ہے جہاں درختوں کی کٹائی اور جنگلات کے خاتمے کا عمل تیزی سے جاری ہے ۔ صرف لاہور میں گزشتہ10 برسوں میں 70فیصد سے زائد درخت کاٹ دئیے گئے ۔ اسی طرح اسلام آباد میں بھی جنگلات تیزی سے سکڑتے جارہے ہیں۔ امین اسلم نے کہا کہ اگر جنگلات اگانے کے حوالے سے اقدامات نہ کئے گئے تو پاکستان ریڈ زون میں شامل ہوجائے گا جہاں زندگی کے آثار ممکن نہیں ہوتے ۔ وفاقی وزیر نے بتایا کہ پاکستان موسمیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے متاثرہ ممالک میں سر فہرست ہے اس لئے اگر موثر اقدامات نہ کئے گئے تو گرین زون ختم ہو جائیں گے ۔

مزید :

صفحہ آخر -