دہری شہریت والے پارلیمنٹرین کی فہرست سندھ ہائی کورٹ میں پیش
کراچی(صباح نیوز) تحریک انصاف کے کراچی سے رکن قومی اسمبلی فیصل واوڈا کی نا اہلی کے لیے دائر درخواست پر سندھ ہائی کورٹ میں سماعت ہوئی عدالت نے فیصل واوڈاسے دوہری شہریت ترک کرنے کے حوالے سے دستاویزات طلب کر لی ہیں۔دوران سماعت الیکشن کمیشن کے لاء آفیسر نے عدالت کو بتایا کہ ایف آئی اے ریکارڈ کے مطابق فیصل واوڈا امریکی شہری ہیں اور انہوں نے تاحال امریکی شہریت ترک نہیں کی جبکہ الیکشن کمیشن نے دوہری شہریت والے ایم این ایز اور ایم پی ایز کی فہرست بھی عدالت میں جمع کروا دی ہے عدالت نے الیکشن کمیشن اور دیگر فریقین سے 11 ستمبر تک تفصیلی جواب طلب کر لیا ہے جبکہ فیصل واوڈا کو بھی دوبارہ نوٹس جاری کیا گیا ہے درخواست گزار قادر خان مندوخیل کا کہنا تھا کہ وزارت داخلہ اورایف آئی اے سے تفصیلات لی جائیں کہ فیصل واوڈا نے دوہری شہریت ترک کی ہے یا نہیں فیصل واوڈا نے اپنے حلف نامے میں برطانیہ دوبئی اور ملائیشیاء کی جائیدادیں ظاہر کی ہیں لہٰذا انہیں بطور رکن قومی اسمبلی نا اہل قرار دیا جائے عدالت نے فیصل واوڈا کودوبارہ نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا ہے۔