حکومت کا امتحان شروع ، عوام منتظر ہیں عمران خان مسائل کی وکٹیں کب اُڑتے ہیں ، سراج الحق

حکومت کا امتحان شروع ، عوام منتظر ہیں عمران خان مسائل کی وکٹیں کب اُڑتے ہیں ، ...

  

 لاہور(صباح نیوز)امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ حکومت کو جن دیرینہ مسائل کا سامنا ہے، ان میں کرپشن ، مہنگائی ، غربت ، بے روزگاری اور سودی معیشت سر فہرست ہیں۔ عوام منتظر ہیں کہ عمران خان ان مسائل کی وکٹیں کب اڑاتے ہیں ۔ ہر پاکستانی کی نظریں حکومت کے اعلان کردہ سو روزہ پلان پر لگی ہوئی ہیں اور عوام اس انتظار میں ہیں کہ حکومت اپنے وعدوں کو عملی جامہ پہنائے ۔ انتخابات پر تحفظات کے باوجود جو حکومت اور اسمبلیاں وجود میں آئی ہیں ، ہم ان کو موقع دینا چاہتے ہیں کہ وہ اپنے منشور پر عمل کریں اور عوام کے مسائل حل ہوں ۔ اب حکومت کا امتحان شروع ہوچکاہے ۔ ہم مثبت اپوزیشن کا کردارادا کرتے ہوئے حکومت کو اس کی کارکردگی سے آگاہ کرتے رہیں گے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منصورہ میں ہونے والے سیاسی و پارلیمانی کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ کمیٹی کا اجلاس صدر کمیٹی لیاقت بلوچ کی صدارت میں منعقد ہوا جس میں ڈاکٹر فرید احمد پراچہ ، میاں محمد اسلم ، راشد نسیم ، اسد اللہ بھٹو ، سینیٹر مشتاق احمد خان ، صاحبزادہ طارق اللہ ، حافظ نعیم الرحمن و دیگر ممبران نے شرکت کی ۔سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ جماعت اسلامی پاکستان کے نظریے پر کوئی کمپرومائز نہیں کرے گی ۔ الیکشن 2018 ء میں جماعت اسلامی نے متحدہ مجلس عمل کے پلیٹ فارم سے حصہ لیا ، الیکشن پر بہت سے تحفظات کے باوجود ہم سمجھتے ہیں کہ اسمبلیوں کو عوام کے مسائل حل کرنے کا موقع ملنا چاہیے اور حکومت نے عوام کے سامنے اپنے پہلے سو دن کا جو منصوبہ پیش کیاہے ، اب اس پر عملدرآمد کا آغاز ہو جاناچاہیے ۔ اداروں کو مضبوط اور سیاسی مداخلت سے پاک، بیرونی دباؤ کو ختم کرنا ، کرپشن کا خاتمہ ، ایک کروڑ ملازمتیں ، پچاس لاکھ گھر اور عام آدمی کو عدل و انصاف کی فراہمی سمیت حکومت نے جو بڑے بڑے اعلانات کیے ہیں ، قوم منتظر ہے کہ ان پر عملی اقدامات کب اٹھائے جاتے ہیں ۔

مزید :

صفحہ آخر -