گستاخانہ خاکوں کے ایشو پر اقوام متحدہ سے رجوع کیا جائے،آزاد مارشل
لاہور( پ ر)بشپ آف رائیونڈ ڈایوئسس و صدر نیشنل کونسل آف چرچز ان پاکستان ڈاکٹر آزاد مارشل نے ہالینڈ کے اشاعتی ادارے کی گستاخی پر اپنے رد عمل گستاخانہ خاکوں کی تخلیق اور اشاعت کو ایک گھناؤنی سازش قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ کوئی مسیحی ایسی قبیح حرکت کامرتکب نہیں ہوسکتا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ان خاکوں کو بنانے والے نے اپنے خبثِ باطن کا مظاہرہ کیا ہے اور اپنے ہی چہرے پر سیاہی ملی ہے۔ ان خاکوں کا مقصد دراصل آزادی اظہار کی آڑ میں مذہبی یگانگی، رواداری اور حسنِ سلوک کو ضرب پہنچانا ہے۔ بشپ ڈاکٹر آزاد مارشل نے حکومتِ پاکستان کے اس موقف کی تائید کی ہے کہ اس جسارت کے بارے میں اقوامِ متحدہ سے رجوع کیا جائے اورایسا عالمی قانون وضع کیا جائے کہ کسی شخص کو ایسی حرکت کے اعادہ کی جرات نہ ہو۔