لیسکو میں بڑا بجلی چور گرو پکڑا گیا ، تین ملازمین معطل

لیسکو میں بڑا بجلی چور گرو پکڑا گیا ، تین ملازمین معطل

  

لاہور( جاوید اقبال) لیسکو میں بڑا بجلی چور گروہ پکڑا گیا ہے گروہ کا تعلق کینٹ ڈویژن کی تاج پورہ سب ڈویژن سے ہے اس گروہ نے درجنوں صارفین کے میٹر کاغذوں میں ڈس کنیکٹ ظاہر کرکے لاکھوں یونٹ محفوظ کئے اور بجلی چوری کی کمی پوری کرنے کے لئے بعد ازاں لاکھوں اضافی یونٹ کے ساتھ صارفین کے بلوں میں ڈال دئیے انکشاف ہونے پر کینٹ ڈویژن کے ایکسئین مزمل حسین نے ٹیکنیکل میٹرز چیکنگ انچارج رفاقت علی کے ہمراہ 36بڑے کیسز پکڑ لئے جس پر ایکسئن نے فوری ایکشن لیتے ہوئے تاج پورہ سب ڈویژن کے ایس ڈی او امتیاز علی لائن سپرنٹنڈنٹ اسد رضا، چیف میٹر انسپکٹر صغیر بٹ ،چیف میٹر ریڈر شہباز احمد ،میٹر ریڈر انور عزیز کو شوکاز نوٹس جاری کردئیے ہیں جبکہ اس گروہ کے تین اہلکاروں کو معطل کردیا ہے ، اس گروہ میں مرکزی کردار اسد شاہ کو بھی تبدیل کردیا گیا ہے جس نے بجلی چوری کروانے کے لئے میٹر ریورس اور تبدیل کرنے کے لئے لیسکو کے ریٹائرڈ ملازم شیدا کریک ڈاؤن کی بھی خدمات حاصل کررکھی تھیں ایکسین نے تحقیقات کروائیں تو ابتدائی طور پر درجنوں ایسے کیسز سامنے آئے جن صارفین کے میٹرز موقع پر موجود تھے اور باقاعدہ ریڈنگ بھی جاری تھی مگر کاغذوں میں ان صارفین کے میٹرز کو آٹھ ماہ تک ڈی کنیکٹ ظاہر کرکے انہیں ہر ماہ بلوں میں ریڈنگ زیرو زیرو بھجوائی جاتی ،بعد ازاں جب ان صارفین کے بل جمع ہو گئے تو ان سے اس گروہ نے رابطے کئے اور انہیں بلیک میل کرکے پیسے وصول کئے ۔بتایا گیا ہے کہ یہ گروہ اس طریقہ کار کے زریعے ماہانہ لاکھوں یونٹ محفوظ کرتا اور بے گناہ صارفین کے محفوظ کئے گئے یونٹ کو ماہانہ بنیادوں پر کروڑوں روپے کی بجلی چوری کی کمی پوری کرنے کے لئے استعمال کیا جاتا ۔اس حوالے سے کینٹ ایکسین مزمل حسین سے بات کی گئی تو انہوں نے کہا کہ صارفین کے ساتھ یہ بہت بڑی زیادتی ہے ابھی تک ہم نے تاج پورہ سب ڈویژن کے درجنوں کیس پکڑے ہیں جن کے میٹر موقع پر موجود تھے اور ایس ڈی او امتیاز اور اس سے پہلے رہنے والے کئی ایس ڈی اوز اور دیگر عملہ اس مکروہ دھندے میں ملوث پایا گیا ہے اس گروہ نے میٹرز کو کاغذوں میں ڈی کنیکٹ ظاہر کیا میں نے خود تحقیقات کرکے اس گروہ کو پکڑا ہے جس پر فوری کاروائی عمل میں لاتے ہوئے تین اہلکاروں کو معطل کردیا ہے جبکہ ایس ڈی او سمیت تین افسروں کے خلاف کاروائی کرنے کے لئے انہیں شوکاز نوٹس جاری کئے گئے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ جن صارفین سے زیادتی ہوئی ہے ہم اس کا ازالہ کررہے ہیں اور انہیں ڈالے گئے اضافی یونٹ نکلوا رہے ہیں اب تک36سے زائد کیس میرے پاس آ چکے ہیں جنہیں میں ریلیف دے چکا ہوں ،انہوں نے کہا کہ موقع پر میٹرز موجود ہونا اور کاغذوں میں اسے ڈس کنیکٹ کرکے انہیں بل نہ بھیجنا یہ کرمینل کیسز ہیں ہم ذمہ داروں کے خلاف مقدمات بھی درج کروائیں گے۔

بجلی چور

مزید :

میٹروپولیٹن 1 -