اشتہاری مجرم سمیت 6گروہوں کے 12ملزم گرفتار ، مال مسروقہ اسلحہ برآمد

اشتہاری مجرم سمیت 6گروہوں کے 12ملزم گرفتار ، مال مسروقہ اسلحہ برآمد

  

 لاہور(کرائم رپورٹر)انویسٹی گیشن پولیس صدر ڈویژن نے اندھے قتل،ہاؤس رابری ،نوسرباز ،موبائل سنیچر،موٹرسائیکل و موبائل چور گینگزسنگین وارداتوں میں ملوث اشتہاری مجرم سمیت6گروہوں کے12ملزموں کو گرفتار کر ان سے 7 موٹرسائیکلیں ، 44 موبائل فونز، لاکھوں روپے نقدی اور ناجائز اسلحہ برآمدکر لیا۔اِن خیالات کا اظہارایس پی صدر راشد ہدایت نے آج تھانہ گرین ٹاؤن میں ایک پریس کانفرنس کے دوران الیکٹرانک اور پرنٹ میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کر تے ہوئے کیا ۔ انہوں نے بتایا کہ چند روز قبل نیاز بیگ سے نامعلوم بوری بند نعش ملی۔جس کی شناخت عظمت علی کے نام سے ہوئی۔اس اندھے قتل کی تفتیش انچارج ہومی سائیڈسبزہ زار سرکل سب انسپکٹر نسیم احمد کو سونپی گئی۔جنہوں نے اپنی ٹیم کے ہمراہ دن رات محنت کے بعد عظمت علی کو قتل کی واردات میں ملوث اس کی بیوی صوفیہ اور اس کے آشنا تنویر کو گرفتار کر لیا۔ انہوں نے بتایا کہ انچارج انویسٹی گیشن قائداعظم انڈسٹریل اسٹیٹ نے ٹوبہ ٹیک سنگھ میں قتل کے مقدمہ میں اشتہاری مجرم خضرکو گرفتار اور ہاؤس رابری میں ملوث ملزم ارشاد عرف شادو کو گرفتار کر کے مال مسروقہ برآمد کر لیا۔ تھانہ سندر اور گرین ٹاؤن پولیس نے موٹرسائیکل اورموبائل چوری کی وارداتوں میں ملوث عرفان عرف فانی،عامر ،سرفراز خان،شہزاد ،خلیل ، ضرار عرف فیاض اور محمد ندیم کو گرفتار کر کے ان کے قبضہ سے 38موبائل فونز،6عدد موٹرسائیکلیں اور لاکھوں روپے نقدی برآمد کر لی۔ ہنجروال کے علاقہ میں فاروق عالم نے شاہد لطیف سے گاڑی رینٹ پر لی اور نوسربازی سے گاڑی اپنے نام ٹرانسفر کروا لی۔ پولیس نے ملزم فاروق کو گرفتار کر کے نوسر بازی سے چھینی ہوئی گاڑی کرولا مالیتی 18لاکھ برآمد کر لی۔آخر میں ایس پی انویسٹی گیشن صدر راشد ہدایت نے سنگین وارداتوں میں ملوث گروہوں کی گرفتاری پر پولیس ٹیموں کو شاباش دی اورتعریفی اسناد تقسیم کیں۔

مزید :

علاقائی -