مریدکے: نامعلوم افراد کی فائرنگ سے نوجوان قتل ، ورثاء کا احتجاج

مریدکے: نامعلوم افراد کی فائرنگ سے نوجوان قتل ، ورثاء کا احتجاج

  

مریدکے(نامہ نگار) تھانہ سٹی کے علاقہ پرانا داؤکے میں نا معلو م افراد کی فائرنگ سے بائیس سالہ نوجوان قتل، ورثاء نے نعش جی ٹی روڈ پر رکھ کر احتجاج کیا اور ملزمان کی جلد گرفتاری کی یقین دہانی پر پوسٹمارٹم کے لیے ہسپتال پہنچا دی۔بتایا گیا ہے کہ محلہ پرانا داؤکے میں آدھی رات سے ہی وقفے وقفے سے فائرنگ کا سلسلہ جاری تھا ۔ دن چڑھنے پر نہر کنارے سے بائیس سالہ احمد ولدحاجی سعید اختر کمبوہ کی نعش دیکھی گئی جس پر مقامی افراد نے پولیس کو مطلع کیا۔ پولیس نے نعش کو ہسپتال پہنچانے کی کوشش کی تاہم اسی دوران مشتعل ورثاء نے نعش چھین کر جی ٹی روڈ پر رکھ دی اور ہر قسم کی ٹریفک روک کر احتجاج شروع کر دیا۔ انچارج ہومیسائیڈ اعجاز احمد خاں کی قیادت میں پولیس نے ملزمان کی جلد گرفتاری کی یقین دہانی کرائی جس پر ورثاء نعش کے پوسٹمارٹم کے لیے تحصیل ہیڈ کوارٹرز ہسپتال مریدکے پہنچ گئے۔ پولیس نے رانا منیر احمد اور اس کے بھتیجے آصف ولد حسن رضا کے خلاف مقدمہ درج کرکے ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارنے شروع کر دیئے ہیں۔

مزید :

علاقائی -