قاسم علی شاہ پنجاب سیف سٹیزا تھارٹی کے برانڈایمبیسڈر مقرر

قاسم علی شاہ پنجاب سیف سٹیزا تھارٹی کے برانڈایمبیسڈر مقرر

  

لا ہور (کر ائم رپو رٹر)معروف ماہر تعلیم اور موٹیویشنل سپیکرقاسم علی شاہ پنجاب سیف سٹیزا تھارٹی کے برانڈایمبیسڈر بن گئے ہیں۔ اس ضمن میں قاسم علی شاہ نے پنجاب سیف سٹیزا تھارٹی ہیڈآفس کا دورہ کیا جہاں چیف آپریٹنگ آفیسراکبر ناصر خان نے انہیں ادارے بارے تفصیلی بریفنگ دی۔ اس موقع پر قاسم علی شاہ نے کامیاب زندگی کے موضوع پر پولیس کمیونیکیشن ا فسران سے خطاب کیا۔ خطاب میں قاسم علی شاہ کا کہنا تھا کہ سیف سٹیز پراجیکٹ میں آکر اپنے جذبات کو الفاظ دینا مشکل محسوس ہورہا ہے۔انہوں نے کہا کہ پولیس کے ساتھ بہت سی ٹریننگ میں رابطہ رہا لیکن سیف سٹیز اتھارٹی ایک منفرد منصوبہ ہے جسے دیکھ کر دلی خوشی ہوئی اور اس پراجیکٹ کی تکمیل میں کردار ادا کرنے والے مبارکباد کے مستحق ہیں۔ معروف موٹیویشنل سپیکرنے کہا کہ اتھارٹی میں کام کا معیار دیکھ کر پولیس پر اعتماد میں 100گْنااضافہ ہوا ہے۔

انہوں نے نوجوان پولیس کمیونکیشن افسران سے کہا کہ آپ یہاں نوکری نہیں بلکہ خدمت کر رہے ہیں اور آپ کو کامیابی کیلئے اپنے کام سے عشق کرنا ہو گا۔ قاسم علی شاہ کا کہنا تھا کہ اتھارٹی میں غالب اکثریت نوجوانوں کی ہے اور یہی نوجوان نسل پاکستان کو ترقی کی راہ پر گامزن کرے گی۔ معروف ماہر تعلیم نے اپنے لیکچر میں خوشگوار اور کامیاب زندگی کیلئے 7 سنہری اصول بتائے۔ موٹیویشنل سپیکرنے پولیس کمیونیکشن افسران کے سوالات کے مدلل جوابات بھی دیئے۔ چیف آپریٹنگ آفیسر اکبر ناصر خان نے اس موقع پر کہا کہ قاسم علی شاہ کے الفاظ پر ان کے ممنون ہیں۔ مستقبل میں مزید قدآور شخصیات بھی اتھارٹی کے برانڈایمبیسڈرز کی فہرست میں شامل ہوں گے۔ اس موقع پر چیف ایڈمنسٹریشن آفیسر محمد کامران خان اور سینئر مینجمنٹ بھی لیکچر میں شریک ہوئی جس کے بعد برانڈایمبیسڈرکو سیف سٹی پراجیکٹ کے مختلف شعبہ جات کا دورہ بھی کروایاگیا۔

مزید :

علاقائی -