صدارتی الیکشن ، عارف علوی ، اعتزاز احسن اور فضل الرحمن مدمقابل ،امیر مقام دستبردار
اسلام آباد(این این آئی)الیکشن کمیشن نے صدارتی الیکشن میں حصہ لینے کے اہل امیدواروں کی حتمی فہرست جاری کردی ،ڈاکٹر عارف علوی، اعتزاز احسن اور مولانا فضل الرحمن کے درمیان مقابلہ ہوگا جبکہ مولانا فضل الرحمن کے کورنگ امیدوار امیر مقام صدارتی انتخاب سے دستبردار ہوگئے۔الیکشن کمیشن کے مطابق صدارتی امیدواروں کے کاغذات نامزدگی واپس لینے کا جمعرات کو آخری روز تھا اور نامزدگی فارم جمع کرانے والے امیدوار امیر مقام دستبردار ہوگئے۔صدارتی الیکشن کے قواعد کے مطابق کاغذات نامزدگی واپس نہ لینے والے امیدواروں کے نام بیلٹ پیپر پر چھاپے جائیں گے اور یوں صدارتی الیکشن کی دوڑ میں اپوزیشن جماعتوں کے2 امیدوار میدان میں ہوں گے۔
صدارتی الیکشن
پشاور (آئی این پی،این این آئی )پاکستان تحریک انصاف کے صدارتی امیدوار ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ صدارتی انتخاب میں دیگر امیدواروں کے مقابلے میں مجھے امید سے زائد ووٹ ملیں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پشاور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ عارف علوی نے کہا کہ صدر منتخب ہونے کے بعد میری کوشش ہوگی کہ وزیراعظم عمران خان کی طرح حکومتی اخراجات کم کروں۔عارف علوی نے کہا کہ میں تحریک انصاف کا صدر ہیں اور اپنی آئینی حدود میں رہتے ہوئے دیگر غیر سیاسی مسائل کو حل کرونگا۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پارٹی کے امور کے فیصلے تمام اراکین اور اعلیٰ قیادت کی مشاورت سے ہوتے ہیں جس کی بنیاد پر حتمی فیصلہ پارٹی چیئرمین کرتے ہیں۔قبل ازیں ڈاکٹر عارف علوی نے گورنرہاؤس پشاورمیں قائمقام گورنر مشتاق غنی سے ملاقات کی اورصوبے کے عوام کی فلاح وبہبود سمیت مختلف امور پرتبادلہ خیال کیا۔ گورنرسندھ عمران اسماعیل اور قومی اسمبلی کے ڈپٹی سپیکر محمدقاسم خان سوری بھی ڈاکٹرعارف علوی کے ہمراہ تھے جبکہ صوبائی وزیر خوراک قلندرلودھی ،رکن قومی اسمبلی علی خان جدون اورشوکت یوسفزئی بھی اس موقع پر موجودتھے۔