العزیز یہ ریفرنس ، اڈیالہ جیل حکام کی نواز شریف کو آج عدالت پیش کرنے سے معذرت

العزیز یہ ریفرنس ، اڈیالہ جیل حکام کی نواز شریف کو آج عدالت پیش کرنے سے معذرت

  

اسلام آباد(آئی این پی ) احتساب عدالت میں سابق وزیراعظم نواز شریف کے خلاف العزیزیہ سٹیل ملز ریفرنس کی سماعت کے دوران جیل حکام نے عدالت کو بتایا کہ جمعہ کو ملک میں احتجاجی ریلیوں اور جلوسوں کا امکان ہے اس لئے سکیورٹی وجوہات کی بناء پر نواز شریف کو عدالت میں پیش کرنا مشکل ہوگا۔تفصیلات کے مطابق احتساب عدالت میں گزشتہ روز نواز شریف کے خلاف العزیزیہ سٹیل ملز ریفرنس کی سماعت کے دوران جیل حکام کی طرف سے عدالت کو بتایا گیا کہ جمعہ کو ملک میں مختلف مذہبی جماعتوں کی طرف سے احتجاجی ریلیوں اور جلسے جلوسوں کی کال دی گئی ہے اس لئے سکیورٹی صورتحال کے پیش نظر ملزم کو جیل سے عدالت لانا مشکل ہوجائے گا ۔قبل ازیں سابق وزیراعظم نواز شریف سے ملاقات کیلئے راجہ ظفر الحق،شاہد خاقان عباسی،برجیس طاہر،طارق فاطمی،عرفان صدیقی اورمفتاح اسماعیل سمیت لیگی رہنماؤں کی بڑی تعداد جوڈیشل کمپلیکس پہنچ گئی،مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں نے کمرہ عدالت میں نواز شریف سے ملاقات کی تاہم کمرہ عدالت کھچا کھچ بھر جانے کے باعث عدالتی کارروائی میں خلل پر فاضل جج ارشد ملک کے حکم پر سکیورٹی اہلکاروں نے کچھ لوگوں کو باہر نکال دیا۔ اس موقع پرمیاں نواز شریف نے سینیٹر ڈاکٹر آصف کرمانی کے والد احمد سعید کرمانی کے انتقال پر تعزیت اور گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ احمد سعید کرمانی پاکستان کے لیجینڈسیاستدان تھے، مرحوم نے تحریک پاکستان میں قائد اعظم کی قیادت میں پاکستان کے قیام کی جدوجہد میں نمایاں کردار ادا کیا۔

نوازشریف پیشی

مزید :

صفحہ اول -