وزیراعظم کے جی ایچ کیو میں 8گھنٹے ،آرمی چیف جنرل باجوہ نے استقبال کیا ، خطے کی سیکیورٹی افغانستان ایل اوسی کی صورتحال ، پاک افغان بارڈر کراچی آپریشن پر تفصیلی بریفنگ ، فوج کی ہر ضرورت پوری کرینگے ، عمران خان
راولپنڈی( سٹاف رپورٹر ، مانیٹرنگ ڈیسک ، نیوز ایجنسیاں) وزیراعظم عمران خان نے گزشتہ روزوفاقی وزراء اور مشیروں کے ہمراہ جی ایچ کیو کا دورہ کیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے وزیراعظم کا استقبال کیا، انہیں گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا جس کے بعد وزیراعظم نے یادگار شہداء پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور انہیں خراج عقیدت پیش کیاوزیرِاعظم عمران خان کو جی ایچ کیو میں قومی سلامتی اور خطے کی صورتحال کے حوالے سے طویل بریفنگ دی گئی۔عمران خان وزارتِ عظمیٰ کا منصب سنبھالنے کے بعد پہلی بار جی ایچ کیو پہنچے جہاں ان کی پاک فوج کی اعلیٰ قیادت سے اہم ملاقات ہوئی۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق وزیرِاعظم کا جی ایچ کیو پہنچنے پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے استقبال کیا۔ وفاقی وزرا، خارجہ، دفاع، اطلاعات، خزانہ اور وزیر مملکت برائے داخلہ بھی وزیراعظم عمران خان کے ہمراہ تھے۔اعلیٰ فوجی حکام نے وزیراعظم عمران خان کو خطے کی سیکیورٹی بالخصوص افغانستان کی صورتحال پر بریفنگ دی جبکہ پاک افغان سرحد پر باڑ لگانے کے عمل اور ایل او سی کراچی آپریشن کے متعلق بھی بریف کیا گیا۔ذرائع کے مطابق وزیرِاعظم عمران خان کو جی ایچ کیو میں قومی سلامتی اور خطے کی سیکیورٹی پر 8 گھنٹے طویل بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ پاکستان کو اندرونی اور بیرونی چیلنجز کا سامنا ہے تاہم قوم کی حمایت سے ان چیلنجز پر کامیابی سے قابو پالیں گے۔آئی ایس پی آر کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے پاک فوج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور دہشت گردی کے خلاف پاک فوج کی قربانیوں کو سراہا۔وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان کو اندرونی اور بیرونی چینلجز کا سامنا ہے لیکن قوم کی حمایت سے ان چینلجز پر کامیابی سے قابو پائیں گے۔ان کا کہنا تھا کہ حکومت فوج کو ا اس کی صلاحیتیں بڑھانے کے لیے جو وسائل درکار ہونگے مہیا کئے جائیں گے، پاکستان کی منزل آگے بڑھنا ہے اور ان شاء اللہ ہم مثبت سوچ اور دوسری اقوام سے اچھے مراسم کے ساتھ آگے بڑھیں گے۔آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے بھی جی ایچ کیو آمد اور فوج کی صلاحیتوں پر اعتماد کرنے پر وزیراعظم عمران خان کا شکریہ ادا کیا۔جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ پاک فوج مادر وطن کی حفاظت کے لیے قوم کی توقعات پر پورا اترے گی۔ان کا کہنا تھا کہ ہر قیمت اور قربانیوں سے مادر وطن کی حفاظت کی جائے گی۔