پنجاب کے بلدیاتی نظام میں تبدیلی کا حتمی فیصلہ کر لیا گیا

پنجاب کے بلدیاتی نظام میں تبدیلی کا حتمی فیصلہ کر لیا گیا

  

لاہور(دیبا مرزا سے) پنجاب کے بلدیاتی نظام کی تبدیلی کا حتمی فیصلہ کر لیا گیا ہے اور اس سلسلے میں محکمہ بلدیات نے اپنی تجاویز تیار کرکے سنیئر وزیر بلدیات عبدالعلیم خان کو دیدی ہیں جس کے مطابق چیئرمین کا انتخاب براہ راست کروانے‘ تعلیم ‘صحت ‘ بنیادی مرکز صحت یونین کونسل کی سطح پر جو براہ راست یونین کونسل کے ناظم کے ماتحت ہوں گے صفائی ستھرائی والے محکمے شناختی کارڈز کے دفاترز ہر یونین کونسل کی سطح پر جو نادرا کے ساتھ لنک ہوں گے نئی سڑکوں کی تعمیر سڑکوں کے پیچ ورک گلیوں کی تعمیر پختہ گلیاں اور ترقیاتی کاموں کے حوالے سے ہر قسم کے فنڈز کو ایم پی اے ایم این اے سے لیکر صرف اور صرف ناظمین کو دئیے جائیں گے ان تجاویز پر مشتمل ایک مسودہ تیار کرکے صوبائی وزیر بلدیات عبدالعلیم خان منظوری کے لئے وزیراعظم عمران خان کے پاس لے گئے ہیں ۔ذرائع نے صوبائی وزیر بلدیات عبدالعلیم خان کی صدارت میں ایوان وزیراعلی میں منعقد ہونے والے اجلاس کی اندرونی کہانی کے بارے میں پاکستان کو بتایا ہے کہ موجودہ بلدیاتی نظام چونکہ صرف نام کا ایک نظام بن کررہ گیا ہے جس میں تمام تر اختیارات صرف وزیراعلی کو ہی دئیے گئے ہیں اور ان بلدیاتی نمائندوں کے پاس کوئی بھی اختیار نہیں ہے جس کی وجہ سے یہ نظام اپنی افادیت کھو چکا ہے اس لئے پی ٹی آئی نے یہ فیصلہ کیا ہے کہ اب کے پی کی کی طرز کا بلدیاتی نظام اب پنجاب میں بھی رائج کیا جائے گا ۔ذرائع کے مطابق سنیئر وزیر بلدیات نے محکمہ بلدیات کے افسران کو اپنا ویژن دیا کہ ہم چاہتے ہیں کہ سارے اختیارات صرف اور صرف بلدیاتی نمائندوں کو ہی دئیے جائیں اور ارکان اسمبلی جن کا کام صرف قانون سازی کرنا ہے وہ وہی کام کریں صوبائی وزیر نے کہا کہ محکمہ پرپوزل بنائے جس میں تمام بنیادی محکمہ جات جن میں صحت تعلیم نادرا اور صفائی ستھرائی والے محکمے شامل ہیں ان کو متعلقہ یونین کونسل کے چیئرمین یا ناظم کے سپرد کردیا جائے اور ان سرکاری محکموں کے ملازمین کی کارکردگی رپورٹ بھی متعلقہ چیئرمین ہی تیار کرکے اس کے محکمہ کو بھجوائے گا تو پھر اس سے نہ صرف اس نظام میں بہتری آئے گی بلکہ عوام کو بھی اس کے فوائد حاصل ہوں گے ۔ذرائع کے مطابق نئے بلدیاتی نظام کے تحت چیئرمین کا الیکشن بھی براہ راست پارٹی بنیادوں پر کروایا جائے گا تاکہ اس سے بھی اس میں ہونے والی مبینہ کرپشن کا خاتمہ کیا جاسکے ۔ذرائع کے مطابق پرپوزل محکمہ نے تیار کرکے صوبائی وزیر بلدیات کے حوالے کردی ہیں جن کو اب وہ وزیراعظم سے منظور کروائیں گے جس کے بعد قانون سازی کے لئے مسودہ تیار کرکے اسمبلی سے منظور کرواکر نیا بلدیاتی نظام پنجاب میں رائج کردیا جائے گا۔

بلدیاتی تبدیلی

مزید :

صفحہ اول -