علیم خان اورفیاض چوہان کی نامناسب زبان استعمال کرنے پر معذرت

علیم خان اورفیاض چوہان کی نامناسب زبان استعمال کرنے پر معذرت

  

لاہور (آن لائن،مانیٹرنگ ڈیسک) سینئر صوبائی وزیر علیم خان اور فیاض الحسن چوہان نے نجی ٹی وی کے پروگرام کے بعد نامناسب زبان استعمال کرنے پر معذرت کر لی ہے ۔تفصیلات کے مطابق علیم خان نے ان کے رویئے اور نازیبا الفاظ استعمال کر نے پر ذاتی طور پر فنکاروں، ٹی وی میز بانوں اور عوام سے معافی مانگی اور کہا کہ صوبائی وزیر ثقافت کو آرٹسٹو ں اور میڈیا پرسنوں کے خلا ف ایسی کمتر زبان استعمال نہیں کرنی چاہئے تھی کیونکہ ہماری پارٹی کی پالیسی ایسی نہیں کہ مخالفین کے خلاف الزام تراشی کی جائے۔علاوہ ازیں پنجاب کے وزیر اطلاعات و ثقافت فیاض الحسن چوہان نے بھی نجی ٹی وی کے پروگرام کے بعد نامناسب زبان استعمال کرنے پر معذرت کی ہے۔ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں صوبائی وزیر اطلاعات نے کہا کہ آف دی کیمرہ کلپ چلانا صحافت کی اخلاقیات کے خلاف ہے، پورے پروگرام میں تحمل کے ساتھ انتہائی منفی سوالات کے جواب دیے، پروگرام ختم ہونے کے بعد آف کیمرہ میرے متعلق کلپ چلایا گیا، اس کے باوجود میں معذرت خواہ ہوں۔خیال رہے فیاض الحسن چوہان نے گزشتہ روز نجی ٹی وی کے پروگرام میں شرکت کی۔ میزبان نے ان کی پرانی ویڈیوز آن ایئر نشر کیں جس میں وہ شیخ رشید اور شریف خاندان پر تنقید اور نازیبا زبان استعمال کررہے تھے۔اس پر وہ سیخ پا ہوگئے اور نہ صرف چینل کو گھٹیا کہا بلکہ پروگرام ختم ہونے کے بعد مائک پٹخ کر گالیاں بھی دیں۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے اپنے مخالفین کے بارے میں بھی ایک بار پھر نازیبا الفاظ استعمال کیے۔فیاض الحسن چوہان کو اس رویے پر سوشل میڈیا پر شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا جس پر انہوں نے معذرت کی ہے۔

مزید :

صفحہ اول -