شجرکاری مہم کو موثر بنانے کیلئے بھرپور کردار ادا کرنا ہوگا، کمشنر ڈیرہ

شجرکاری مہم کو موثر بنانے کیلئے بھرپور کردار ادا کرنا ہوگا، کمشنر ڈیرہ

  

ڈیرہ اسماعیل خان(بیورورپورٹ)کمشنر ڈیرہ جاوید خان مروت نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت کی ہدایات پر عمل پیرا ہو کر شجر کاری مہم کو موثر انداز میں چلانے کیلئے تمام محکموں خصوصاً محکمہ جنگلات کو اپنا کردار بھرپور انداز میں ادا کرنا ہو گا۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار آج اپنے دفتر میں رواں شجرکاری مہم کے دوران طریقہ کار اور مختلف انواع و اقسام کے درخت لگانے کا جائزہ لینے سے متعلق منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر ڈیرہ ، اسسٹنٹ کمشنرز، ٹی ایم اوز، ڈسٹرکٹ فارسٹ آفیسر، ای پی اے، وائلڈ لائف و دیگر متعلقہ محکموں کے افسران و نمائندوں نے شرکت کی۔ اس موقع پر اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر نے کہا کہ رواں سال کی شجر کاری مہم کیلئے وفاقی حکومت ملک بھر میں زیادہ سے زیادہ درخت اور پودے لگانے کیلئے اقدامات اٹھا رہی ہے۔ آج کا اجلاس بھی اسی سلسلے کی کڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام میں درختوں کی اہمیت اجاگر کرنی چاہیے تاکہ وہ اس کار خیر میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں جبکہ گاؤں کی سطح پر بھی شجر کاری مہم کی کامیابی کیلئے کمیٹیاں تشکیل دی جائیں ۔ ہر شہری کی اخلاقی ذمہ داری ہے کہ وہ ماحول کو خوشگوار بنانے کیلئے شجرکاری مہم میں حصہ لے اور درخت جو کہ قوم کا اثاثہ ہیں انہیں نقصان سے بچائیں۔انہوں نے تمام ٹی ایم اوز کو ہدایت کی کہ وہ پودوں کی نگہداشت اور نگرانی کرتے ہوئے انہیں باقائدگی سے پانی دیں اور ان کی حفاظت کریں۔قبل ازیں ڈسٹرکٹ فارسٹ آفیسر نے اجلاس کو بتایا کہ 2ستمبر تک 50ہزار پودے لگانے کا ہدف پورا کر لیا جائیگا جس کیلئے تمام تحصیلوں میں جگہوں کی نشاندہی کی جا چکی ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ 2ستمبر تک جتنی بھی شجرکاری ہو گی اس کی تصاویر اور ڈرون کیمرا فوٹیج بنائی جائیگی جس کی تشہیر کے ذریعے عوام میں پودوں اور درختوں کی افادیت اور اہمیت سے متعلق شعور و آگہی پیدا کی جائیگی۔ انہوں نے کہا کہ ہماری توجہ شجرکاری مہم کو کامیابی سے ہمکنار کرنا اور عوام اور سرکاری اداروں کے تعاون سے اپنے مقصد میں کامیابی حاصل کرنا ہے۔

مزید :

پشاورصفحہ آخر -