مردان ،گستاخانہ خاکوں کیخلاف سول سوسائٹی کا احتجاجی مظاہرہ
مردان (بیورورپورٹ ) مردان میں تاجر برادری اور سول سوسائٹی سے تعلق رکھنے والے سینکڑوں افرادنے ہالینڈ میں گستاخانہ خاکوں کے خلاف احتجاجی ریلی نکالی اور کالج چوک کو ہر قسم کی ٹریفک کیلئے بند جام کئے رکھا مظاہرین نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے جس پر ہالینڈ حکومت اور گستاخ رسول کے خلاف نعرے درج تھے ۔احتجاجی ریلی کی قیادت مرکزی تنظیم تاجران کے صدر ظاہر شاہ ،چیئرمین غلام سرور صراف،سینئر وائس چیئرمین اویس خان ،جنرل سیکرٹری مصطفیٰ کمال ،جے یوپی (نوروانی ) کے صوبائی صدر فیاض خان ،پیپلز پارٹی کے سید عابد علی شاہ باچہ اور دیگر کررہے تھے ۔مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ ہالینڈ کے ایک ملعون نے رسول للہ ﷺ کی شان میں گستاخی کرکے مسلمانوں کے جذبات کو ٹھیس پہنچایاہے اوراس اقدام کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے مقررین نے کہاکہ حرمت رسول ﷺ پر ہماری جانیں بھی قربان ہیں۔مقررین نے کہا کہ پاکستانی ہالینڈ کی مصنوعات پر مکمل پابندی عائد کریں۔اور ہالینڈ حکومت کے ساتھ فوری طور پر تمام سفارتی تعلقات بھی ختم کی جائیں۔انہوں نے کہا کہ اگر ہالینڈ اپنے ناپاک عزائم سے باز نہیں آیا تو پاکستانی حکومت ان کے خلاف جہاد کا اعلان کریں ۔ہم اپنے پیغمبر ﷺ کیلئے اپنی جان کی قربانی دینے کیلئے بھی تیار ہیں ۔اس موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات بھی کئے گئے تھے۔