ڈبلیو ایس ایس پی کے ٹیوب ویل آپریٹر کوئلہ الاؤنس ادائیگی سے محروم

ڈبلیو ایس ایس پی کے ٹیوب ویل آپریٹر کوئلہ الاؤنس ادائیگی سے محروم

  

پشاور( سٹی رپورٹر) واٹر اینڈ سنیٹیشن سروسز پشاورکے چاروں ٹاؤنز میں تعینات ٹیوب ویل آپریٹر تاحال گزشتہ مالی سال 2017-18ء کے کوئلہ الاؤنس ادائیگی سے محروم ہے جس پر ٹیوب ویل آپریٹرز محرم الحرام کے دوران ڈیوٹی انجام نہ دینے کا فیصلہ کرلیاہے دوسری جانب کوئلہ الاؤنس کی عدم ادائیگی پر یونائیٹڈمیونسپل ورکرز یونین اور آل میونسپل ورکرز یونین ڈبلیو ایس ایس پی نے خاموشی اختیار کرتے ہوئے تاحال احتجاج تک نہیں کیا جس کی وجہ سے ٹیوب ویل آپریٹرز نے آئندہ دونوں یونین کو ماہانہ چندہ بھی نہ دینے کا فیصلہ کرلیاہے۔ میونسپل کارپوریشن دور سے کلاس فور، تھری اور ٹیوب ویل آپریٹر کو سردی کی شدت سے بچنے کے لئے فی ملازم 6600 روپے سالانہ کوئلہ الاؤنس دیا جاتاہے لیکن گزشتہ مالی سال کے کوئلہ الاؤنس تاحال ادا نہیں کی گئی ہے جس پر ٹیوب ویل آپریٹرز نے اظہار برہمی کرتے ہوئے متفقہ طور پر فیصلہ کرلیاہے کہ محرم الحرام میں ڈیوٹی نہیں انجام دینگے۔ انہوں نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا، ضلع ناظم اور ڈپٹی کمشنر پشاور سے ایکشن لینے کا مطالبہ کیاہے کہ گزشتہ مالی سال کے کوئلہ الاؤنس ادائیگی پر چیف ایگزیکٹیو سے جواب طلبی کرے۔ ٹیوب ویل آپریٹرز نے کوئلہ الاؤنس کی عدم ادائیگی تک دونوں یونین کو بھی چندہ نہ دینے کا فیصلہ کرلیاہے اور ڈبلیو ایس ایس پی فنانس ڈیپارنمنٹ سے آئندہ تنخواہ سے یونین کا چندہ نہ کاٹ کا مطالبہ کیاہے۔ اس حوالہ سے ڈبلیو ایس ایس پی حکام کاکہناہے کہ کوئلہ الاؤنس کلاس فور ملازمین کا حق ہے اور ٹیوب ویل آپریٹرز صوبائی حکومت نے اپ گریڈ کردی ہے جس کی وجہ سے محکمہ فنانس سے کوئلہ الاؤنس کی ادائیگی کے حوالہ سے رائے مانگنے میں وقت لگنے سے کوئلہ الاؤنس ادائیگی تاخیرکاشکار ہوگئی اور عنقریب ادائیگی کی جائے گی۔ واضح رہے کہ پشاور میں ٹیوب ویل آپریٹرز کی تعداد ایک ہزار سے زائد ہیں جس نے عدم ادائیگی پر احتجاج کی بھی دھمکی دے دی ہیں۔

مزید :

پشاورصفحہ آخر -