ملک غلام عباس کھا کھی کی اہلیہ کا الیکشن لڑنے کا اعلان

ملک غلام عباس کھا کھی کی اہلیہ کا الیکشن لڑنے کا اعلان

  

ملتان(نیوز رپورٹر)پی پی 222 جلال پور پیروالا سے سابق رکن صوبائی اسمبلی ملک غلام عباس کھاکھی (مرحوم) کی اہلیہ شازیہ عباس کھاکھی نے حلقہ پی پی 222سے الیکشن لڑنے کا اعلان کردیا۔ یہ اعلان گزشتہ روز جلال پور کھاکھی میں ملک غلام عباس کھاکھی مرحوم کے ڈیرے پر گزشتہ روز ہونے والے اجلاس میں کیا گیا۔ جس میں غلام عباس کھاکھی (مرحوم) گروپ اور برادری کی سرکردہ شخصیات نے شرکت کی۔ جن میں اکبر کھاکھی ۔ ملک قاسم کھاکھی ۔ ملک نوید کھاکھی ۔ ملک غلام نازک کھاکھی ۔ حافظ عبداللہ کھاکھی ۔ حاجی اصغر کھاکھی ۔ یوسی چیئرمین غلام رسول ۔ یوسی چیئرمین محمد بخش ارائیں ۔ طاہر بودلہ ۔ ملک احمد بخش ارائیں۔ یوسی وائس چیئرمین ملک ظفر کھور۔ ملک سجاد حسین ارائیں۔ غلام یاسین شجرا ودیگر شخصیات شامل تھیں۔ ملک غلام عباس کھاکھی (مرحوم) کی بیوہ شازیہ عباس کھاکھی نے گزشتہ روز کھاکھی گروپ کی سرکردہ شخصیات کی موجودگی میں الیکشن کمیشن آفس ملتان میں کاغذات نامزدگی جمع کروائے۔ اس موقع پر شازیہ عباس کھاکھی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں نے ضمنی الیکشن میں ملک غلام عباس کھاکھی مرحوم کے گروپ کی خواہش پر حصہ لینے کا فیصلہ کیا ہے۔ عام انتخابات میں میرے خاوند مرحوم نے بھاری اکثریت سے اس حلقے سے کامیابی حاصل کی تھی۔ مرحوم کی خواہش تھی کہ وہ منتخب ہو کر جلال پور کے عوام کی خدمت کریں گے۔ اور جلال پور کی پسماندگی دور کریں گے۔ اپنے مرحوم شوہر کی خواہش پوری کرنے کیلئے میدان سیاست میں اتری ہوں۔ملک غلام عباس کھاکھی(مرحوم) کے جانشین ان کے تین صاحبزادے ہیں۔ جو زیر تعلیم ہیں ان کے بالغ ہونے تک جلال پور اور حلقے پی پی222کے عوام کے شانہ بشانہ رہونگی۔ جلال پور کے عوام اور کھاکھی گروپ میرے ساتھ ہے۔ عمران خان کے ویژن کو پسند کرتی ہوں۔ پسماندہ علاقے کی خواتین کی ترقی کیلئے کام کرنا پسند کروں گی۔ میرے خاوند ملک غلام عباس کھاکھی (مرحوم ) نے ساری عمرجاگیرداروں کا مقابلہ کیا۔ اور انشاء اللہ اب میں جاگیرداروں کا مقابلہ کروں گی۔ امید کرتی ہوں تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان اور تحریک انصاف کی اعلیٰ قیادت ملک غلام عباس کھاکھی مرحوم کی جلال پور پیرو الا میں تحریک انصاف کیلئے خدمات کو مد نظر رکھتے ہوئے مجھے پی ٹی آئی کا ٹکٹ جاری کریگی۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ انشاء اللہ جیتنے کے بعد پی پی 222کی سیٹ عمران خان کے نام کرونگی۔

پی پی 222

مزید :

کراچی صفحہ اول -