اوور سیز پاکستانیوں کے لئے خوشخبری،الیکشن کمیشن نے آئی ووٹنگ رجسٹریشن کاطریقہ کار جاری کر دیا

اوور سیز پاکستانیوں کے لئے خوشخبری،الیکشن کمیشن نے آئی ووٹنگ رجسٹریشن ...
اوور سیز پاکستانیوں کے لئے خوشخبری،الیکشن کمیشن نے آئی ووٹنگ رجسٹریشن کاطریقہ کار جاری کر دیا

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)الیکشن کمیشن آف پاکستان نے اوور سیز پاکستانیوں کے لئے آئی ووٹنگ کا طریقہ کار جاری کرتے ہوئے کہاکہ وہ اوورسیز ووٹرز  جن کا تعلق ان حلقوں سے ہے جہاں ضمنی انتخاب منعقد ہونا ہے وہ  14 اکتوبر کو انٹرنیٹ کے ذریعے پاکستانی وقت کے مطابق صبح 8سے شام 5بجے تک ووٹ کاسٹ کر سکیں گے۔
تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن آف پاکستان نے اعلامیہ جاری کیا ہے جس میں کہا گیا کہ 14اکتوبر کو  ملک بھر میں منعقد ہونے والے ضمنی انتخابات میں متعلقہ حلقوں کے سمندر پارووٹرز بھی اپناووٹ ڈال سکیں گے۔الیکشن کمیشن کے مطابق بیرون ملک مقیم پاکستانی اپنے کمپیوٹر یا موبائل کے ذریعے اوور سیز پاکستانیوں کے لیے مخصوص ویب سائٹ پر جا کر اپنےنائیکوپ نمبر،ای میل ایڈریس،سمندرپاررہائشی ملک کانام و دیگرتفصیلات درج کرکے سائن اپ کرینگے،آن لائن ووٹنگ سسٹم کے ذریعے مہیاکردہ ای میل پرتصدیقی پن کوڈموصول ہوگا،پن کوڈکے اندراج پرووٹر کوتصدیق کاتکمیلی پیغام درج ہو گا،انٹرنیٹ ووٹنگ کے وقت ووٹر اپناای میل پاس ورڈدرج کرےگا،تصدیقی سوالات کے جواب ملنے پرووٹر آن لائن ووٹنگ کیلئے درج ہوجائیگا،نائیکوپ ، ووٹر پاس نمبرکے اندراج سے حلقہ کا الیکٹرانک بیلٹ پیپراسکرین پرنمودارہوگا،ووٹراپنے امیدوار کے نام کے بٹن کوپریس کریگا اورکنفرم پر کلک کرے گا، جس کے بعد ان کاووٹ کاسٹ ہو جائے گا۔سمندر پار پاکستانیوں کے لیے ووٹنگ کا وقت بھی پاکستان کے معیاری وقت کے تحت ہی ہو گا یعنی جب پاکستان میں صبح آٹھ بجیں گے تو دنیا بھر میں موجود پاکستانی اپنا ووٹ کاسٹ کرنے کے لیے آن لائن ہو سکیں گے اور شام پانچ کے بعد ایسا ممکن نہیں ہو گا۔

پاکستان الیکشن کمیشن کی جانب سے کہا گیا ہے کہ بیرون ملک ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کرنے کے لئے یکم ستمبر سے  15 ستمبر تک  اپنی آن لائن رجسٹریشن کروا سکتے ہیں۔واضح رہے کہ ملک بھر میں ضمنی انتخابات کیلئے پولنگ 14اکتوبر کو ہو گی، قومی اسمبلی کے 11 اور صوبائی اسمبلیوں کے 26حلقوں میں ضمنی انتخابات ہونگے۔قومی اسمبلی کے جن حلقوں میں ضمنی انتخاب ہونا ہے ان میں  این اے 35،این اے 53، این اے 56، این اے 60، این اے 63،این اے 65، این اے 69 ،این اے 103، این اے 124، این اے 131 اور  این اے 243 شامل ہیں ۔پنجاب اسمبلی کے13،خیبرپختونخواہ اسمبلی کے 9 ،سندھ اور بلوچستان اسمبلی کے 2،2 حلقوں میں پولنگ ہو گی۔ پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی3، پی پی 27، پی پی 87، پی پی 103 ،پی پی 118 ، پی پی 165 پی پی ،164 ، پی پی 201،پی پی 222، پی پی 261 ، پی پی 272 ، پی پی 292 اور پی پی 296 میں ضمنی انتخاب ہو گا ۔ خیبرپختونخواہ اسمبلی کے حلقہ پی کے 3،پی کے 7، پی کے 44، پی کے 53، پی کے 61 ،پی کے 64، پی کے 78 ،پی کے 97 اور 99 میں پولنگ ہوگی۔سندھ اسمبلی کے حلقہ پی ایس 87 اور پی ایس 30 میں ضمنی انتخاب ہو گا جبکہ بلوچستان اسمبلی کے حلقہ پی بی 35 اور پی بی 40 میں ضمنی انتخاب ہو گا۔پاکستانی تاریخ میں یہ پہلا موقع ہو گا کہ سمندر پار پاکستانی ملکی انتخاب میں حصہ لیں گے ۔