نوجوان نظر آنے والی اس خاتون کی عمر در اصل کتنی ہے؟ جواب جان کر آپ کو اپنی آنکھوں پر یقین نہیں آئے گا
روم(نیوز ڈیسک) بڑھاپے کی عمر کو پہنچ کر اکثر لوگوں کی کمر دہری ہو جاتی ہے اور بیچارے لاٹھی کا سہارا لے کر دھیرے دھیرے رینگتے نظر آتے ہیں، لیکن ذرا ان بڑی بی کو بھی دیکھ لیجئے! دیکھنے میں تو یہ جوان اور چست و توانا نظر آتی ہیں لیکن عمر پورے 70 سال ہے۔ ہے نا حیرت کی بات؟
میل آن لائن کے مطابق یہ جوان دادی اماں نورما ویلمز ہیں جن کا تعلق ابتدائی طور پر برطانیہ سے ہے تاہم وہ اٹلی کے شہر امبریا میں رہتی ہیں۔ نورما کہتی ہیں کہ وہ باقاعدگی سے ہفتے کے ساتوں دن ورزش کرتی ہیں، دوپہر کا کھانا عموماً نہیں کھاتی ہیں اوراپنے وزن پر گہری نظر رکھتی ہیں۔ کبھی کبھار وہ میٹھی یا چٹ پٹی اشیاء بھی کھا لیتی ہیں لیکن زیادہ تر پھلوں اور سبزیوں وغیرہ پر ہی گزارہ کرتی ہیں۔
نورما نے بتایا کہ وہ نو عمری سے ہی باقاعدہ ورزش کی عادی ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ آپ کو مسلسل ایک ہی قسم کی ورزش نہیں کرتے رہنا چاہیے بلکہ ہر چند ماہ بعد مختلف قسم کی ورزش شروع کر دینی چاہیے اور یوں رد و بدل کا سلسلہ جاری رکھنا چاہیے۔ نورما اس فارمولے کے مطابق کبھی واک اور جاگنگ پر زیادہ توجہ دیتی ہیں تو کبھی جم جا کر مسلز مضبوط کرنے کی ورزش کرتی ہیں اور پھر کچھ عرصے بعد گھر پر ہی ہلکی پھلکی ورزش اور تیراکی و سائیکل چلانے جیسی سرگرمیاں شروع کر دیتی ہیں۔
اپنی خوراک کے بارے میں انہوں نے بتایا کہ وہ سبزیوں اور پھلوں کا استعمال بہت زیادہ کرتی ہیں۔ ضرورت کے مطابق انڈے اور گوشت بھی استعمال کرتی ہیں، لیکن اناج جیسا کہ گندم ، مکئی ، چاول وغیرہ سے بنی اشیاء کا استعمال کم کرتی ہیں۔ نورما کا کہنا ہے کہ ایک دلکش جسم کا یہ مطلب نہیں کہ آپ کسی سپر ماڈل کی طرح نظر آئیں بلکہ آپ کی صحت اچھی ہونی چاہیے اور جسم پر اضافی چربی نہیں ہونی چاہیے۔ اگر آپ میں یہ دو خوبیاں موجود ہیں تو آپ سے بڑھ کر دلکش کوئی نہیں۔