کشمیری بھائیوں کی آزادی کیلئے پاکستانی خون کا آخری قطرہ تک بہادے گا،زوار بہادر
لاہور(نمائندہ خصوصی)جمعیت علماء پاکستان کے سیکرٹری جنرل علامہ قاری محمد زوار بہادر نے کہا ہے کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے کشمیری بھائیوں کی آزادی کے لئے پاکستان کا بچہ بچہ اپنے خون کا آخری قطرہ تک بہادے گا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر کی حیثیت تبدیل کرکے اپنے حصے بخرے کرنے کا آغاز کردیا ہے۔ وقت آگیا ہے کہ کشمیریوں کا خون رنگ لائے گا ہماری بہنوں، ماؤں اور جوانوں نے آزادی کے لئے جو قیمت ادا کی تھی اب آزادی کا سورج طلوع ہونے کو ہے۔
انہوں نے وادی کشمیر میں مسلسل کرفیو، مارشل لاء اور9 لاکھ افواج کی موجودگی میں کشمیریوں کی نسل کشی کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت جہاد کا اعلان کرے تو لاکھوں پاکستانی نوجوان کشمیری بھائیوں کے لئے اپنی جانوں کا نذرانہ دینے کو تیار ہیں۔رہنماؤں نے اقوام عالم اور بلخصوص عالم اسلام کے حکمرانوں کی خاموشی کو بے غیر تی اور بزدلی قرار دیتے ہوئے کہا کہ اسلامی ممالک کے بزدل حکمرانوں کے خلاف بھی پاکستانی عوام کو تحریک چلانی چاہئے تاکہ ان ظالم، بے غیرت اور بزدل نام نہاد اسلامی حکمرانوں سے چھٹکارا حاصل کیا جاسکے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گلبرگ سیون اپ چوک میں مختلف جگہوں سے نکالی گئی ریلیوں کے اختتام پر ہزاروں لوگوں کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔کشمیری بھائیوں سے اظہار یکجہتی کے لئے جمعیت علماء پاکستان کے زیر اہتمام ملک بھر کے دیگر شہروں میں بھی ریلیاں اور جلسے منعقد کیے گئے اس سلسلہ میں لاہور میں مختلف مقامات پر جمعیت علماء پاکستان کے رہنماؤں حافظ نصیر احمد نورانی،مفتی تصدق حسین،محمد ارشد مہر،مولانا محمد سلیم اعوان، رشید احمد رضوی،مفتی جمیل رضوی،مولانا حاجی شوکت علی،قاری لیاقت علی رضوی،مولانا محمد اعظم،مولانا شبیر حسین فریدی اور دیگر رہنماؤں نے بھی خطابات کیے۔ِمقررین نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان، صدر پاکستان اور آرمی چیف کے کشمیر ی عوام کیلئے کوششیں‘کشمیری بھائیوں کے ساتھ یکجہتی اور بھارت کو جو پیغام دیا ہے وہ پاکستانی قوم کی ترجمانی کرتا ہے پوری قوم اپنی مسلح افواج اور حکومت کے شانہ بشانہ ہے اور اس مرتبہ جنگ میں بھارت کو نیست و نابود کردیا جائے گا۔ریلیوں اور جلسوں میں کشمیر بنے گا پاکستان،پاکستان زندہ باد، کشمیر کی آزادی تک جنگ رہے گی،بھارتی کی بربادی تک جنگ رہے گی، پاک فوج زندہ باد، پاک فوج قدم بڑھاؤ ہم تمہارے ساتھ ہیں، بھارت مردہ باد،مودی حکومت مردہ بادہ کے فلک شگاف نعرے لگائے گئے۔