مظلوم کشمیریوں کیساتھ اظہار یکجہتی کا دن جوش وجذبے کے ساتھ منایا گیا

  مظلوم کشمیریوں کیساتھ اظہار یکجہتی کا دن جوش وجذبے کے ساتھ منایا گیا

  

لاہور (نمائندہ خصوصی) مظلوم کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کا دن پورے ملک میں قومی جوش و جذبہ کے ساتھ منا یا گیا،یوتھ فار کشمیر نے گورنر ہاؤس سے پنجاب اسمبلی تک یوم یکجہتی کشمیر ریلی نکالی جس کی قیادت طارق احسان غوری چیف آرگنائزرنے کی۔ریلی میں سیاسی، سماجی، دینی، تاجر تنظیموں اور نوجوان طلباء نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔پنجاب اسمبلی کے سامنے کارکنوں نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے بد ترین مظالم کی مذمت کی۔ ڈی سی لاہور صالحہ سعید نے فیصل چوک میں مرکزی ریلی کا دورہ کیا۔ اس موقع پر ڈی سی نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ضلعی انتظامیہ کے تحت پورے شہر میں کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیاجا رہا ہے اورہر پاکستانی کشمیریوں کی جد و جہد آزادی میں انکے شانہ بشانہ کھڑا ہے۔ سیکرٹری پنجاب اسمبلی محمد خاں بھٹی کی قیادت میں کشمیر میں انڈین ظلم و بربریت کے خلاف پنجاب اسمبلی سٹاف نے ریلی نکالی۔پنجاب اسمبلی کشمیر بنے گا پاکستان کے نعروں سے گونج اٹھی۔وزیر اعظم کی اپیل پر کشمیری بھائیوں سے اظہار یک جہتی کے لیے پنجاب اسمبلی سیکرٹریٹ ملازمین کی ریلی کی قیادت سیکرٹری پنجاب اسمبلی محمد خاں بھٹی نے کی۔اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محمد خاں بھٹی نے کہا کہ وزیراعظم کی اپیل پر قوم کے ساتھ ساتھ پنجاب اسمبلی سیکرٹریٹ کے ملازمین بھی کشمیری بھائیوں کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔

مزید :

میٹروپولیٹن 1 -