کشمیر آور: کوٹ لکھپت کے مزدوروں، صنعتکاروں اور تاجروں کی ریلی

کشمیر آور: کوٹ لکھپت کے مزدوروں، صنعتکاروں اور تاجروں کی ریلی

  

لاہور(پ ر) کشمیر میں جاری بھارتی ظلم اور بربریت کے خلاف لاہور بھر کے ہزاروں مزدور، صنعتکار، تاجر اور عوام کوٹ لکھپت انڈسٹریل سٹیٹ کی سڑکوں پر کشمیر بنے گا پاکستان، جاگ رہا ہے بھارت اور مودی مردہ باد کے نعرے لگاتے ہوئے نکل آئے اور سب نے مل کر کشمیر والنٹیئر بننے کا فیصلہ کرتے ہوئے یہ عہد کیا کہ وہ کشمیر کی آزادی کیلئے اپنی افواج کی پشت پر کھڑے ہیں۔ اس موقع پر سابق وفاقی وزیر اطلاعات محمد علی درانی نے عوام کے ہجوم سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اگر مودی نے پاکستان پر جنگ مسلط کی تو محاذ جنگ پر صرف ہماری فوج ہی نہیں ہو گی بلکہ پاکستان کے بائیس کروڑ عوام کشمیر والنٹیئر بن کر اپنی افواج کی پشت پر چوکس کھڑے ہوں گے۔ نیشنل کشمیر الائنس نے کشمیریوں کے بنیادی انسانی حقوق کیلئے جو آواز اٹھائی ہے یہ بہت جلد دنیا کے اربوں انسان دوستوں کی مشترکہ آواز بنے گی اور اس آواز کو صرف مودی یا ٹرمپ ہی نہیں اس روئے زمین پر بسنے والا ہر انسان سنے گا۔ پورا ملک مل کر کشمیر کی طرف مارچ کرے گا۔ سینیٹر ظفر چوہدری نے کہا کہ پورا پاکستان کشمیریوں اور پاکستان کی افواج کے ساتھ کھڑا ہے۔ لاہور ٹاؤن شپ انڈسٹریز ایسوسی ایشن کے چیئرمین میاں خرم الیاس نے کہا کہ ہم سب کشمیر اور کشمیریوں کے ساتھ کھڑے ہیں اور ہم کشمیر والنٹیئرز کی تحریک کو پورے ملک میں پھیلا دیں گے اور ہم دنیا کو یہ بتا دینا چاہتے ہیں کہ ہم کشمیریوں کے بنیادی انسانی حقوق کیلئے منظم اور متحد ہیں۔ تقریب سے دوسرے کئی صنعتکار اور مزدور رہنماؤں نے بھی خطاب کیا اور کشمیر والنٹیئر بننے کا اعلان کیا۔

مزید :

علاقائی -