پنجاب پولیس کی کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لئے ریلیاں، کشمیر بنے گا پاکستان کے نعرے
لاہور(کرائم رپورٹر)وزیراعظم پاکستان عمران خان کی اپیل پر کشمیری بھائیوں سے اظہار یکجہتی کے لئے ریلی میں لاہور پولیس نے بھی بھرپور شرکت کی۔ انسپکٹر جنرل پنجاب پولیس کیپٹن (ر) عارف نواز کی ہدایت پر لاہور پولیس کے تمام شعبوں نے نہ صرف مال روڈ پر ریلی کے شرکا کو سکیورٹی فراہم کی بلکہ خود بھی عملی طور پر کشمیریوں پر بھارتی مظالم کے خلاف احتجاج کیا۔ فیصل چوک پر سی سی پی او لاہور بی اے ناصر نے ریلی میں حصہ لیا۔ پولیس ہیڈکوارٹرز کے طرف سے بھی سٹاف کی ریلی نکالی گئی جس کی قیادت ایس ایس ایس پی ایڈمن اطہر وحید نے کی۔ ایس ایس پی نے خود بھی نعرے لگوائے۔ ریلی میں شریک پولیس افسروں اور جوانوں نے ”پاکستان زندہ باد اور کشمیر بنے گا پاکستان“ کے نعرے لگائے۔ پرجوش نعروں میں شہری بھی شامل ہوگئے اور پولیس کا بھرپور ساتھ دیا۔ مزید براں نیشنل ہائی ویز موٹروے پولیس ٹریننگ کالج شیخوپورہ کے چھ سو سے زائد افسران و ملازمین نے مقبوضہ جموں وکشمیر کے مسلمانوں سے یکجہتی کے اظہار کے لئے لاہور اسلام آباد موٹروے پر کمانڈنٹ نیشنل ہائی ویز موٹروے پولیس ٹریننگ کالج شیخوپورہ ڈی آئی جی محبوب اسلم کی قیادت میں ریلی کا انعقاد کیا۔ شرکاء نے کشمیر سے یکجہتی کے حوالے سے بینرز اور پلے کارڈ اٹھائے ہوئے تھے اس موقع پر کمانڈنٹ ٹریننگ کالج ڈی آئی جی محبوب اسلم میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نے کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور ہم دشمن کو اپنی شہ رگ ہر گز نہیں کاٹنے دیں گے۔ ہم مقبوضہ جموں و کشمیر کے مسلمانوں سے مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں اوربھارت کے اس غاصبانہ عمل کی پرزور مذمت کرتے ہیں اور یہ مطالبہ کرتے ہیں کہ کشمیرکی سابقہ حثیت کوبحال کیا جائے،کشمیریوں پر ہونے والے ظلم و ستم کو بند کیا جائے او ر اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کو ان کا حق خود ارادیت دیا جائے۔ ڈی آئی جی محبوب اسلم نے مزید کہا کہ اگر دشمن نے کسی بھی قسم کی جارحیت کی تو موٹروے پولیس کا ہر جوان اپنی مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑا ہو گا اور خون کے آخری قطرے تک ملک پاکستان کے دفاع اور کشمیریوں کے حق کے لئے لڑتا رہے گا۔