پی سی بی کے بورڈ آف گورنرز کااجلاس‘ 4رکنی نامزدگی کمیٹی قائم

پی سی بی کے بورڈ آف گورنرز کااجلاس‘ 4رکنی نامزدگی کمیٹی قائم

  

لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستان کرکٹ بورڈ کے بورڈ آف گورنرز کا 55واں اجلاس جمعہ کو نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں ہوا۔ اجلاس میں کیے گئے فیصلوں کی تفصیل مندرجہ ذیل ہے۔پی سی بی آئین 2019 کی شق 39 پر عملدرآمد کرتے ہوئے بی اوجی نے 4 رکنی نومینیشن کمیٹی قائم کردی ہے۔اسد علی خان کو کمیٹی کا سربراہ مقرر کیا گیا ہے۔ شاہ ریز عبداللہ کمیٹی کے رکن ہوں گے۔ بختیار خواجہ بطور آزاد رکن کمیٹی میں شامل ہیں۔ پی سی بی کے سینئر لیگل کونسل بیرسٹر سلمان نصیر کمیٹی کے سیکرٹری مقرر کیے گئے ہیں۔کمیٹی بورڈ آف گورنرز کے لیے 4آزاد ڈائریکٹرز کے علاوہ الیکشن کمشنر، ڈپٹی الیکشن کمشنر اور ایڈجوڈیکٹرز کے نام تجویز کرے گی۔کمیٹی مجوزہ تمام نام بی اوجی کو پیش کرے گی۔پاکستان کرکٹ بورڈ کی تاریخ میں پہلی بار ہوگا کہ 4 آزاد ڈائریکٹرز میں 1 خاتون شامل ہوگی۔بی او جی نے نومینیشن کمیٹی کے لیے ٹی او آرز بھی طے کرلیے ہیں۔ کمیٹی کے اہم ٹی او آرز مندرجہ ذیل ہیں: پی سی بی کے آئین کے تناظر میں اسٹرکچر ترتیب دینے کے لیے مہارت، علم،تجربے اوربورڈ میں جداگانہ سوچ کو ملحوظ خاطر رکھنا۔• علم، تجربے، مہارت اوربورڈ میں جداگانہ سوچ کا جائزہ لے کر اہلیت کا معیار ترتیب دینا۔• بی او جی کی منظوری سے خالی آسامیوں کے لیے افراد کی شناخت، انٹرویوز اور انتخاب کرنا۔• چیئرمین کی مشاورت سے بورڈ اراکین کیلیے درکار وقت کا سالانہ جائزہ لینا۔اجلاس میں تمام کرکٹ ایسوسی ایشن کی مجوزہ ترتیب اور ڈومیسٹک سیزن 20-2019 پیش کیا گیا۔ بورڈ نے مجوزہ اور نظر ثانی اسٹرکچر کو متفقہ طور پر منظور کرلیا ہے۔ڈومیسٹک سیزن 20-2019 کی تقریب رونمائی ہفتہ کے روز کی جائے گی۔بی او جی نے مالی سال 20-2019 کے لیے پی سی بی سنٹرل بجٹ سمیت آڈٹ کمیٹی کی متعدد سفارشات کی منظوری دے دی ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو نے بی او جی کو کرکٹ کمیٹی کے گذشتہ اجلاس سے متعلق بریفنگ دی۔ کرکٹ کمیٹی کا اجلاس 2 اگست کو ہوا تھا۔ جس میں آئی سی سی کرکٹ ورلڈکپ 2019 سمیت پاکستان کرکٹ ٹیم کی گذشتہ 3 سالہ کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔وسیم خان نے بی او جی اراکین کو قومی کرکٹ ٹیم کی ٹیم منیجمنٹ کے انتخاب کے لیے جاری عمل پر بھی اعتماد میں لیا۔اجلاس میں اراکین نے پاکستان کرکٹ بورڈ کی انٹرنیشنل کرکٹ کی مکمل بحالی کی کاوشوں کو سراہا۔ بی او جی اراکین نے بورڈ کو سری لنکا کے خلاف ایک روزہ اور ٹی ٹونٹی سیریز کے لیے بہترین انتظامات کرنے کی ہدایت کی۔بورڈ آف گورنرز کو کرکٹ آسٹریلیا کے اعلیٰ وفد کی آمد کے بارے میں بھی اعتماد میں لیا گیا۔ بورڈ کوبتایا گیا کہ کرکٹ آسٹریلیا کے چیئرمین ایرل ایڈنگز اور چیف ایگزیکٹو کیون روبرٹس 16 سے 18 ستمبر تک پاکستان کا دورہ کریں گے جبکہ انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو اور ایک ڈائریکٹر اکتوبر میں پاکستان کا دورہ کریں گے۔بورڈ آف گورنرز نے پی سی بی کے چیئرمین، چیف ایگزیکٹو، چیف آپریٹنگ آفیسر اور چیف فنانشل آفیسر کے اختیارات سے متعلق آئین میں تبدیلیوں کی منظوری دے دی ہے۔ بی او جی نے ایجنٹس کی رجسٹریشن کے لیے قواعد و ضوابط کی منظوری دے دی ہے۔

مزید :

کھیل اور کھلاڑی -