ویمنز سنگلز، ناؤمی اوساکا، کیرولین، شوائی اور ایلیسی پھرکامیاب

ویمنز سنگلز، ناؤمی اوساکا، کیرولین، شوائی اور ایلیسی پھرکامیاب

  

نیویارک۔ (نیٹ نیوز) جاپان کی ٹینس سٹار، دفاعی چیمپئن اور ایونٹ کی ٹاپ سیڈڈ ناؤمی اوساکا، ڈنمارک کی کیرولین وزنائیکی، امریکہ کی میڈیسن کیز، چین کی شوائی ڑنگ اور بیلجیئم کی ایلیسی مارٹینز اپنی فتوحات کے سلسلے کو برقرار رکھتے ہوئے سال کے چوتھے اور آخری گرینڈ سلام یو ایس اوپن ٹینس ٹورنامنٹ ویمنز سنگلز تیسرے راؤنڈ میں پہنچ گئیں جبکہ رومانیہ کی سیمونا ہالپ اور جمہوریہ چیک کی پیٹرا کویٹوا کا دوسرے راؤنڈ میں اپ سیٹ شکست کے بعد بوریا بستر گول ہوگیا۔جمعہ کو امریکا میں جاری رواں سال کے چوتھے اور ا?خری گرینڈ سلام یو ایس اوپن ٹینس ٹورنامنٹ ویمنز سنگلز کے دوسرے راؤنڈ میچز میں جاپانی دفاعی چیمپئن ناؤمی اوساکا نے عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے پاؤلش حریف کھلاڑی ماگدا لینیٹی کو سٹریٹ سیٹس میں 6-2 اور 6-4 سے ہرا کر میگا ایونٹ کا تیسرا راؤنڈ کھیلنے کا اعزاز حاصل کرلیا۔ڈنمارک کی کیرولین وزنائیکی نے بھی میگا ایونٹ کا دوسرا مرحلہ عبور کر لیا۔انہوں نے میزبان حریف کھلاڑی ڈینیلی روز کولنز کو پہلے سیٹ میں 4-6 کی شکست کے باوجود اگلے دونوں سٹریٹ سیٹس میں 6-3 اور 6-4 سے شکست دی۔ میزبان کھلاڑی میڈیسن کیز نے حریف چین کی کھلاڑی ڑو لین کو سٹریٹ سیٹس میں 6-4 اور 6-1 سے مات دیکر تیسرے مرحلے کے لئے کوالیفائی کرلیا۔ چین کی شوائی ڑنگ ٹائی بریک پر روسی حریف کھلاڑی اکاترینا الیگزینڈروا کو 7-6(7-5)، 4-6 اور 6-3 سے شکست دی جبکہ رومانیہ کی سیمونا ہالپ اور جمہوریہ چیک کی پیٹرا کویٹوا دوسرے راؤنڈ میں اپ سیٹ شکست کے بعد میگا ایونٹ سے باہر ہوگئیں۔

مزید :

کھیل اور کھلاڑی -