تاجر برادری کی کشمیر یوں کے ساتھ بھرپور اظہار یکجہتی، ریلیاں، جلوس

  تاجر برادری کی کشمیر یوں کے ساتھ بھرپور اظہار یکجہتی، ریلیاں، جلوس

  

لاہور(لیڈی رپورٹر) کشمیری عوام سے بھرپور اظہار یکجہتی کے لیے لاہور چیمبر میں کشمیر آور منایا گیا جبکہ لاہور چیمبر کے نائب صدر فہیم الرحمن سہگل کی سربراہی میں بھارتی مظالم کے خلاف ریلی نکالی گئی جس میں لاہور چیمبر کے ایگزیکٹو کمیٹی ممبران اور سٹاف سمیت صنعتکاروں، تاجروں اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے لوگوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ ریلی کے شرکاء نے بڑی تعداد میں کشمیری بھائیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے کارڈز اٹھا رکھے تھے۔نائب صدر لاہور چیمبر فہیم الرحمن سہگل نے ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی جارحیت کشمیریوں کے آزادی کے جذبہ اور حوصلے پست نہیں کر سکتی، بلکہ اس سے کشمیری کی تحریک آزادی حتمی مراحل میں داخل ہو گی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر پاکستان کی شاہ رگ ہے اور پاکستانی قوم کشمیریوں کو مشکل کی اس گھڑی میں ہرگزتنہا نہیں چھوڑے گی۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کشمیر میں جاری قتل عام کی وجہ سے عالمی سطح پر تنہا ہو گیا ہے اور اقوام متحدہ نے واضح طور پر کہا کہ کشمیر انڈیا کا اندرونی مسئلہ نہیں بلکہ دو ممالک کے درمیان متنازع ریاست ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی تاجر برادری نے مقبوضہ کشمیر کی موجودہ صورتحال کے بارے میں تشویش کا اظہار کیا ہے، پاکستانی تاجر برادری کو مقبوضہ کشمیر میں معصوم لوگوں کا سفاکانہ قتل عام ہر گز قبول نہیں اور وہ اپنے کشمیری بھائیوں کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔انہوں نے کہا کہ نہتے کشمیریوں پر طاقت کا استعمال اور قتل عام ان کے حق اظہار رائے، پرامن احتجاج کے حق سمیت دیگر کئی بنیادی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔ ہندوستانی حکومت کا غیر ذمہ دارانہ فعل خطے میں امن و سکون کے امکانات کے لئے خطرے کی گھنٹی بجا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ انڈیا کی جانب سے خطے میں اشتعال انگیز پالیسی کی وجہ سے بڑھتی ہوئی کشیدگی خطرے کی علامت ہے، کیونکہ دو بڑی نیوکلیئر قوتوں کے ٹکراؤ سے خطے میں بڑے پیمانے پر تباہی کا باعث بن سکتی ہے۔

 انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر پاکستان اور انڈیا کے درمیان طویل مدت سے جاری تنازع ہے جس سے ناصرف خطے میں عدم استحکام اور کشیدگی بڑھ رہی ہے بلکہ عالمی امن کے لئے بھی بڑا خطرہ بن سکتا ہے۔جبکہ انڈیا کشمیریوں کے انسانی حقوق کی پامالی اور نہتے کشمیروں کے قتل عام میں مصروف ہے۔ 

مزید :

کامرس -