مظلوم کشمیریوں کی انتھک جدوجہد رنگ لائے گی، ڈاکٹر رمیش کمار 

  مظلوم کشمیریوں کی انتھک جدوجہد رنگ لائے گی، ڈاکٹر رمیش کمار 

  

 اسلام آباد (این این آئی)پاکستان ہندوکونسل کے سرپرست اعلیٰ اور ممبر قومی اسمبلی ڈاکٹر رمیش کمار وانکوانی نے مظلوم کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے ہمیں بطور پاکستانی قوم بھرپور انداز میں ہر قسم کے تعصبات سے بالاتر ہوکر ٹھوس لائحہ عمل اختیار کرنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار نیشنل پریس کلب کے زیراہتمام کشمیر یکجہتی تقریب کے موقع پراپنے کلیدی خطاب میں کیا۔ اس موقع پروزیراعظم کی خصوصی معاون برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان، معروف کشمیری حریت پسند یاسین ملک کی اہلیہ مشال ملک، فرحت اللہ بابراور دیگر بھی موجود تھے، اپنے خطاب میں ڈاکٹر رمیش کمارنے کہا کہ مسئلہ کشمیر انسانیت کا مسئلہ ہے اور ہر دردمند انسان کا فرض ہے کہ وہ مظلوم کشمیریوں کو بھارت کے ظلم و جبر سے نجات دلانے کیلئے اپنا موثر کردار ادا کرے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی قیادت نے اپنی حماقت سے کشمیر ایشو کو عالمی سطح پر اجاگر کردیا ہے، ضرورت اس امر کی ہے کہ پاکستان صحیح سمت میں صحیح حکمت عملی اختیار کرے،جیت کیلئے ضروری ہوتا ہے کہ میدان میں صحیح کھلاڑی اتارے جائیں۔ ڈاکٹر رمیش وانکوانی نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ قوم نے وزیراعظم عمران خان کی اپیل پرپاکستانی قوم کی بھرپور احتجاج ریکارڈ کرکے عالمی برادری کو بتا دیا ہے کہ پاکستان کا بچہ بچہ کشمیریوں کے ساتھ ہے، انہوں نے بھارتی قیادت کو تلقین کی کہ وہ وادی کشمیر پر طاقت کے بل بوتے پر قبضہ برقرار رکھنے کا خیال ترک کردے ا ور ہوش کے ناخن لے۔ ڈاکٹر رمیش وانکوانی نے پاکستانی سول اور ملٹری قیادت کو غزنوی بیلسٹک میزائل کے کامیاب تجربے پر مبارکباد بھی پیش کی، انہوں نے کہا کہ پوری پاکستان کو بہادر افواج پاکستان پر فخر ہے۔

 ڈاکٹر رمیش کمار 

مزید :

صفحہ آخر -