مسئلہ کشمیر کے حل تک پاک بھارت کشیدگی ختم نہیں ہوگی، گورنر سندھ
کراچی (آئی این پی) گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا کہ قائداعظم نے دو قومی نظریہ پیش کر تے وقت کہا تھا کہ بھارت میں جلد مسلمانوں کے لیے کوئی جگہ نہیں رہے گی، آج ہم دیکھ رہے ہیں کہ بھارت میں رہنے والے مسلمانوں کی جان و مال محفوظ نہیں، قائد اعظم نے تمام مسالک اور مذاہب کے لوگوں کو یکساں حقوق دینے کی بات کی تھی وہ ایک سچے لیڈر تھے، قائد کی زندگی ہم سب کے لیے مشعل راہ ہے،قائد کے وژن کے مطابق پاکستان میں تمام مذاہب کے رہنے والوں کو برابری کے حقوق حاصل ہیں، قائد نے اپنی قوم کی خاطر اپنی ذاتی زندگی کو اہمیت نہیں دی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی کے مقامی ہوٹل میں کراچی کونسل آن فارن ریلیشن کی جانب سے قائد اعظم کی بہن کے پڑنواسے لیاقت مرچنٹ (شریک مصنف)کی تحریر کردہ کتاب جناح انتھالوجی کے چوتھے و آخری ایڈیشن کی منعقدہ تقریب سے خطاب میں کیا۔ اس موقع پر چیئرمین کے سی ایف آر اکرام سہگل، جنرل سیکریٹری کموڈور ریٹائرڈ سدید اے ملک، چینی قونصل جنرل وانگ یو، تھائی قونصل جنرل تھاٹری چواچٹا، افغانستان کے قونصل جنرل اور دیگر مہمان بھی موجود تھے۔ گورنر سندھ نے کہا کہ آج بھارتی حکومت نے وہاں کے مسلمانوں کے لیے کوئی راستہ نہیں چھوڑا، آج کشمیری مسلمانوں پر بھارتی ریاست کی جانب سے ظلم و تشدد سے قائد اعظم کے دو قومی نظریہ کو مزید اہمیت مل گئی ہے اور اسی دو قومی نظریہ کو مدنظر رکھتے ہوئے کشمیری مسلمان الگ وطن کا مطالبہ کررہے ہیں جوکہ بالکل جائز ہے اور ان کا حق بھی ہے۔ تقریب میں کتاب کے شریک مصنف لیاقت مرچنٹ نے تحریک پاکستان، نظریہ پاکستان اور قائداعظم کے فرمودات پر روشنی ڈالی، انہوں نے قائداعظم محمد علی جناح پر بنائی گئی دستاویزی فلم بھی دکھائی، لیاقت مرچنٹ نے اپنے خطاب میں کہا کہ جناح انتھالوجی میں قائداعظم اور قیام پاکستان سے متعلق بہت تاریخی مواد موجود ہے۔
گورنر سندھ
