ڈالر کی قدر، سونے کی قیمت میں کمی کا تسلسل برقرار، سٹاک مارکیٹ بھی مندی کا شکار

  ڈالر کی قدر، سونے کی قیمت میں کمی کا تسلسل برقرار، سٹاک مارکیٹ بھی مندی کا ...

  

کراچی (اکنامک رپورٹر)ملکی کرنسی مارکیٹوں میں پاکستانی روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالرکی قدر میں کمی کا تسلسل برقرار،انٹربینک مارکیٹ اوراوپن مارکیٹ میں امریکی ڈالرمزید50پیسے سستاہوگیا،جس کے نتیجے میں ڈالر کی قیمت2ماہ کی کم ترین سطح پر آگئی۔فاریکس ایسوسی ایشن آف پاکستان کے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق جمعہ کوانٹربینک مارکیٹ میں روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالرکی قیمت میں مزید50پیسے کی کی ریکارڈکی گئی،جس کے نتیجے میں امریکی ڈالر کی قیمت خرید157.35روپے سے گھٹ کر156.85روپے اورقیمت فروخت157.45روپے سے گھٹ کر156.95روپے ہوگئی۔دوسری جانب بین الاقوامی مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت میں مزید11ڈالرکی کمی سے ملکی صرافہ مارکیٹوں میں بھی فی تولہ سونا300روپے سستاہوگیا۔آل کراچی صراف اینڈجیولرزایسوسی ایشن کے مطابق کراچی،حیدرآباد، سکھر، ملتان، فیصل آباد، لاہور، اسلام آباد، راولپنڈی، پشاور اور کوئٹہ کی صرافہ مارکیٹوں میں فی تولہ سونے کی قیمت میں مزید300روپے اور10گرام سونے کی قیمت میں 258روپے کی کمی ریکارڈ کی گئی،جس کے نتیجے میں فی تولہ سونے کی قیمت89800روپے سے گھٹ کر89500روپے اوردس گرام سونے کی قیمت76990روپے سے بڑھ کر76732روپے ہوگئی۔علاوہ ازیں پاکستان سٹاک ایکسچینج میں کاروباری ہفتے کے آخری روز بھی اتارچڑھاؤ کے بعدشدید مندی رہی،کے ایس ای100انڈیکس 29700پوائنٹس کی نفسیاتی حد سے گرگیا،مندی کے نتیجے میں سرمایہ کاروں کے مزید41ارب47کروڑ روپے سے زائدڈوب گئے۔کاروبار کا آغاز مثبت زون میں ہواتاہم اتارچڑھاؤکاسلسلہ سارادن جاری رہا۔مارکیٹ کے اختتام پرکے ایس ای100 انڈیکس 486.84پوائنٹس کمی سے29672.12پوائنٹس پر بندہوا۔مجموعی طورپر322کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا،جن میں سے77کمپنیوں کے حصص کے بھاؤمیں اضافہ،231کمپنیوں کے حصص کے بھاؤ میں کمی جبکہ14کمپنیوں کے حصص کے بھاؤ میں استحکام رہا۔

ڈالر/سونا/سٹاک مارکیٹ

مزید :

صفحہ آخر -