فردوس عاشق کا پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 7روپے 67پیسے تک کمی کا اعلان، ردوبدل کا فیصلہ آج ہو گا وزارت خزانہ کی تردید

فردوس عاشق کا پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 7روپے 67پیسے تک کمی کا اعلان، ...

  

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک،نیوز ایجنسیاں) حکومت کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کردی گئی۔تفصیلات کے مطابق پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی سمری پٹرولیم ڈویژن کو موصول ہوئی جس میں ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 7 روپے 67 پیسے فی لٹر،لائٹ ڈیزل کی قیمت میں 5 روپے 63 پیسے فی لٹر کمی، پٹرول کی قیمت میں 4 روپے 59 پیسے فی لٹراور مٹی کے تیل کی قیمت میں 4 روپے 27پیسے لیٹر کمی سفارش کی گئی تھی۔وزارت خزانہ کی منظوری کے بعدحکومت کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کر دی گئی۔ ہائی سپیڈ ڈیزل کی نئی قیمت 124 روپے 80 پیسے، پٹرول کی نئی قیمت 113 روپے 24 پیسے، مٹی کے تیل کی نئی قیمت 99 روپے57 پیسے اورلائٹ ڈیزل کی نئی قیمت 91 روپے 89 پیسے فی لٹر ہوگی۔نئی قیمتوں پر عملدرآمد یکم ستمبر سے ہوگا۔اس حوالے سے وزیراعظم عمران خان کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہاہے کہ عوام دوست حکومت نے عوام کو ریلیف دینے کیلئے عملی اقدام کرتے ہوئے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی ہے۔فردوس عاشق اعوان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ایک پیغام میں کہا کہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ حکومت خود لینے کی بجائے براہ راست عوام کو منتقل کریگی اور وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں نئے پاکستان کا دوسرا سال قومی ترقی عوامی فلاح وبہبود اور ملک کیلئے نئی خوشخبریاں لے کر آئے گا۔دوسری جانب وزارت خزانہ نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے حکومتی اعلان کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ نئی قیمتوں میں کوئی صداقت نہیں، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل کا اعلان (آج) کیا جائے گا۔

پٹرولیم مصنوعات

مزید :

صفحہ اول -