زرمبادلہ ذخائر میں اضافہ، سرمایہ کار بھروسہ رکھیں بہتری آرہی ہے
کراچی(آئی این پی) گورنر سٹیٹ بینک رضا باقر نے کہاہے کہ زر مبادلہ کے ذخائر میں پچھلے کچھ ماہ سے جاری کمی اب رک گئی، ذخائر میں آہستہ آہستہ اضافہ ہورہاہے،سرمایہ کار بھروسہ رکھیں بہتری ہورہی ہے۔ فیڈریشن ہاؤس کراچی میں ہونے والی ایک تقریب سے خطاب میں گورنر سٹیٹ بینک نے کہا کہ عالمی مالیاتی ادارے آئی ایم ایف کا رواں مالی سال کیلئے مہنگائی کی شرح 13فیصد تک رہنے کا اندازہ ہے۔انہوں نے کہا کہ2014سے 2017کے دوران کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ تیزی سے بڑھتا رہا،پاکستان میں پہلی بار کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ دو ارب ڈالر ماہانہ تک پہنچ گیا تھا۔رضاباقر نے کہا کہ ادائیگی کا توازن برقرار نہ رہنے کی وجہ سے روپے پر دباؤ بڑھاتا چلا گیا،اس کے ساتھ اس دوران ایکسچینج ریٹ کو زبردستی روک کے رکھا گیا۔ اسی وجہ سے ہمارے زرمبادلہ ذخائر کم ہوتے گئے۔گورنر سٹیٹ بینک نے کہا کہ ایکسچینج ریٹ جیسے جیسے بڑھنا شروع ہوا تو کرنٹ اکاؤنٹ میں کمی آنا شروع ہو گئی جس کی وجہ سے کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ ایک ارب ڈالر تک گرگیا۔رضاباقر نے کہا اگر آئی ایم ایف کی رپورٹ کو دیکھتے ہوئے شرح سود دیکھیں تو زیادہ نہیں۔ سٹیٹ بینک نے بھی شرح سود میں اضافہ بڑھتی مہنگائی کو کنٹرول کرنے کیلئے ہی کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ2012ء سے2019ء تک شرح سود نیچے بھی گئی اور اوپر بھی گئی، شرح سود میں تیزی سے اتار چڑھا کے باوجود نجی سرمایہ کاری میں کوئی فرق نہیں پڑا تاہم اب دیگر عوامل ہیں جس کی وجہ سے نجی شعبہ سرمایہ کاری نہیں کررہا۔
گورنر سٹیٹ بینک
