پی سی بی کے نئے ڈومیسٹک سٹرکچر میں کیا ہو گا، کون کون سے مقابلے ہوں گے اور کیا تبدیلیاں کی گئی ہیں؟ تمام معلومات جانئے

پی سی بی کے نئے ڈومیسٹک سٹرکچر میں کیا ہو گا، کون کون سے مقابلے ہوں گے اور کیا ...
پی سی بی کے نئے ڈومیسٹک سٹرکچر میں کیا ہو گا، کون کون سے مقابلے ہوں گے اور کیا تبدیلیاں کی گئی ہیں؟ تمام معلومات جانئے

  

لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے نئے ڈومیسٹک سٹرکچر کو متعارف کرا دیا گیا ہے جسے 3 مختلف درجوں میں تقسیم کیا گیا ہے جس کے مطابق پہلے درجے میں 90 سٹی کرکٹ ایسوسی ایشنز سکول اور کلب کرکٹ مقابلوں کا انعقاد کرے گی، دوسرے درجے میں سٹی ٹیمیں انٹراسٹی مقابلوں میں شرکت کیں گی اور تیسرے درجے میں 6 ایسوسی ایشنز کی ٹیمیں پی سی بی کے زیر اہتمام ٹورنامنٹس میں شریک ہوں گی۔

تفصیلات کے مطابق پی سی بی کے ڈومیسٹک کرکٹ سٹرکچر 2019-20ءکی تقریب رونمائی قذافی سٹیڈیم لاہور میں ہوئی جس میں چیئرمین پی سی بی احسان مانی، چیف ایگزیکٹو وسیم خان اورڈائریکٹر ڈومیسٹک کرکٹ ہارون رشید کے علاوہ پاکستان سپر لیگ (پی اس ایل) فرنچائز پشاور زلمی کے مالک جاوید آفریدی و دیگر نے شرکت کی۔

تقریب میں چیئرمین پی سی بی کے ساتھ چیف ایگزیکٹو بورڈ وسیم خان نے نئے ڈومیسٹک سٹرکچر پر بریفنگ دی اور وسیم خان نے بتایا کہ نئے سٹرکچر میں سابق کرکٹرز کیلئے کوچنگ اور مینجمنٹ کے مواقع پیدا کئے جارہے ہیں جبکہ ڈومیسٹک کرکٹ میں بہترکارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑیوں کی مراعات میں بھی اضافہ کیا جارہا ہے۔

نئے سٹرکچر کے مطابق 16 ریجنز کو 6 ایسوسی ایشنز میں ضم کردیا گیا ہے جبکہ نئے ڈومیسٹک سٹرکچر کو 3 مختلف درجوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔ پہلے درجے میں 90 سٹی کرکٹ ایسوسی ایشنز سکول اور کلب کرکٹ مقابلوں کا انعقاد کریں گی، دوسرے درجے میں سٹی کرکٹ ٹیمیں انٹرا سٹی مقابلوں میں شرکت کریں گی جبکہ تیسرے درجے میں 6 ایسوسی ایشنز کی ٹیمیں پی سی بی کے زیراہتمام ٹورنامنٹس میں شرکت کریں گی۔

ہر کرکٹ ایسوسی ایشن 32 کھلاڑیوں کو سالانہ ڈومیسٹک کنٹریکٹ دے گی، یہ کھلاڑی پی سی بی کے سنٹرل کنٹریکٹ کاحصہ نہیں ہوں گے، ایسوسی ایشن 32 کھلاڑیوں کے علاوہ بھی کسی کھلاڑی کو فی میچ معاوضہ دے کر میچ میں شامل کرسکتی ہے، ڈومیسٹک کرکٹ کنٹریکٹ رکھنے والے ہر کھلاڑی کو ماہانہ 50 ہزار روپے معاوضہ ملے گا۔

قائداعظم ٹرافی فرسٹ کلاس میچز 14 ستمبر سے 8 اکتوبر اور 28 اکتوبر سے 13 دسمبر تک جاری رہیں گے،قومی انڈر 19 کرکٹ ٹورنامنٹ یکم اکتوبر سے 12 نومبر تک جاری رہے گا، قائداعظم ٹرافی سیکنڈ الیون کے میچز 14 ستمبر سے 10 اکتوبر اور 28 اکتوبر سے 29 نومبر تک ہوں گے، قومی ٹی 20 کپ 13 سے 24 اکتوبر تک کھیلا جائے گا، پاکستان کپ ایک روزہ ٹورنامنٹ کے میچز 29 مار چ سے 24 اپریل 2020ءتک جاری رہیں گے، ٹی 20 اور ایک روزہ کپ میں فرسٹ الیون اور سیکنڈ الیون کے میچز بیک وقت شروع ہوں گے۔ڈومیسٹک سیزن 2019-20ءکے تمام ٹورنامنٹس میں کوکابورا کی گیند کا استعمال کیا جائے گا جو انٹرنیشنل میچوں میں استعمال ہوتی ہے۔

اس موقع پر چیئرمین احسان مانی کا کہنا تھا کہ کرکٹ کے معیار میں بہتری لانا پی سی بی کی اولین ترجیح ہے، نئے ڈومیسٹک سٹرکچر کے نفاذ سے قومی کھلاڑیوں کی کارکردگی میں تسلسل آئے گا، نئے سٹرکچر کی تیاری میں پی سی بی صوبائی ایسوسی ایشنزکی مکمل معاونت کرےگا،چیف ایگزیکٹو وسیم خان نے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ ٹیسٹ کرکٹ کی اہمیت پر یقین رکھتا ہے،یہ سٹرکچر ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کیلئے پاکستان کو بہترین ٹیم کے انتخاب میں مدد دے گا۔

مزید :

کھیل -