'مودی نے مقبوضہ کشمیر میں مساجد ویران کردیں،پاکستان میں مندر آباد ہیں:شاہ محمود قریشی

'مودی نے مقبوضہ کشمیر میں مساجد ویران کردیں،پاکستان میں مندر آباد ہیں:شاہ ...
'مودی نے مقبوضہ کشمیر میں مساجد ویران کردیں،پاکستان میں مندر آباد ہیں:شاہ محمود قریشی

  

عمرکوٹ(ڈیلی پاکستان آن لائن)وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ آج بھارت میں آر ایس ایس کی سوچ غالب آچکی ہے اور نریندر مودی نے مقبوضہ کشمیر میں مساجد ویران کر دیں لیکن پاکستان میں مندر آباد ہیں,فاشسٹ مودی نے کشمیری مسلمانوں کو عید کی نماز اور قربانی کی اجازت نہیں دی، جمعہ کو مقبوضہ کشمیر میں مسجدوں کوتالے لگائے گئے، مودی نے مقبوضہ کشمیر میں مساجد ویران کر دیں لیکن پاکستان میں مندر آباد ہیں,مسئلہ کشمیر کا حل اقوام متحدہ کے منشور کے مطابق نکلے گا.

عمر کوٹ میں ہندو برادری کے کشمیری عوام سے یکجہتی اور بھارتی مظالم کے خلاف منعقدہ جلسے سے خطاب کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ' آج کا جلسہ سیاسی نوعیت کا نہیں، آج کا جلسہ یکجہتی کا پیغام ہے،عمران خان آنے کے لیے تیار تھے لیکن اسلام آباد میں ذمہ داری کی وجہ سے نہیں آ ئے،اس لیے میں ان کا پیغام لے کر حاضر ہوا ہوں ۔انہوں نے کہا کہ تھرپارکر اور عمر کوٹ میں بہت بڑی ہندو آبادی آباد ہے، آج مودی اور جئے شنکر کو پیغام جانا چاہیے کہ تم سرینگر میں مسلمانوں کے سامنے نہیں کھڑے ہو سکتے لیکن آج ہندوؤں کے سامنے کھڑا ہوں،پاکستان میں مذہبی آزادی دنیا دیکھ رہی ہے، اسلام کا فلسفہ ہے کہ سب کے حقوق تسلیم اور انسانیت کو فروغ دیں، ہم آپ کواتنا ہی اچھا پاکستانی سمجھتے ہیں جتنا اور کوئی ہو سکتا ہے، ہم ہندو، سکھ اور مسیحی برادری کا تحفظ کریں گے اور کسی کو اقلیتی برادری کے حقوق پامال نہیں کرنے دیں گے۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ ' آج کا بھارت نہرو اور گاندھی کے سیاسی فلسفے کے نفی کر رہا ہے، آج بھارت میں آر ایس ایس کی سوچ غالب آچکی ہے، فاشسٹ مودی نے کشمیری مسلمانوں کو عید کی نماز اور قربانی کی اجازت نہیں دی، جمعہ کو مقبوضہ کشمیر میں مسجدوں کوتالے لگائے گئے، مودی نے مقبوضہ کشمیر میں مساجد ویران کر دیں لیکن پاکستان میں مندر آباد ہیں، مودی نے بھارت کی منتخب قیادت اور بین الاقوامی میڈیا کو بھی مقبوضہ کشمیر میں داخل ہونے نہیں دیا لیکن انسانی حقوق کا کوئی نمائندہ آزاد کشمیر آنا چاہے تو آسکتا ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ کشمیر میں صورتحال خراب ہوتی جارہی ہے، درندگی کا پیغام دیا جارہا ہے، آر ایس ایس کے غنڈے وہاں بھیجے جارہے ہیں لیکن کشمیری نہتے ضرور ہیں کمزور نہیں، گولیاں ختم ہوجائیں گی سینے ختم نہیں ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ سر جھکا کر گڑگڑانے والے آج حکومت میں نہیں ہیں، بھارت سن لے اینٹ کا جواب پتھر سے دینے کا جذبہ رکھتے ہیں، یزید کے آگے ہاتھ پھیلانے سے حسینؓ  کے فلسفے کی نفی ہوگی، اس مادر وطن کی عظمت کے لیے نکلنے کے لیے تیار ہیں اور مودی یہ قوم تمہارے ارادے خاک میں ملا دے گی۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے متنازع تسلیم کیا، سلامتی کونسل میں 54 سال بعد مسئلہ کشمیر پر بحث کی جا رہی ہے، مسئلہ کشمیر کا حل اقوام متحدہ کے منشور کے مطابق نکلے گا، بھارت نے 2 ستمبر کو یورپی یونین میں کشمیر مسئلے پر بحث کو رکوانے کی کوشش کی لیکن کشمیر کا مسئلہ یورپی پارلیمنٹ میں زیر بحث آئے گا، ہائیڈ پارک سے ایک جم غفیر بھارتی ہائی کمیشن کے سامنے پہنچے گا جبکہ27 ستمبر کو دنیا دیکھے گی کہ میرا قائد عمران خان کشمیریوں اور پاکستانیوں کا مشترکہ مقدمہ لڑنے جائے گا۔

مزید :

قومی -علاقائی -سندھ -عمرکوٹ -اہم خبریں -