سیدنا امام حسینؓ حق تھے اورحق قیامت تک سر بلند رہے گا،محرم الحرام اہل بیت اطہارؓ کی اسلام کیلئے دی جانیوالی قربانیوں کی یاد دلاتا ہے:ڈاکٹر طاہر القادری

سیدنا امام حسینؓ حق تھے اورحق قیامت تک سر بلند رہے گا،محرم الحرام اہل بیت ...
سیدنا امام حسینؓ حق تھے اورحق قیامت تک سر بلند رہے گا،محرم الحرام اہل بیت اطہارؓ کی اسلام کیلئے دی جانیوالی قربانیوں کی یاد دلاتا ہے:ڈاکٹر طاہر القادری

  

لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن)قائد تحریک منہاج القرآن ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا ہے کہ حضرت امام حسینؓ حق تھے اور یہ حق قیامت تک کے لیے باوقار اور سربلند رہے گا،یزید ملعون نے اقتدار پر قبضہ مستحکم کرنے کیلئے اہل بیت اطہارؓ پر ظلم کے پہاڑ توڑے اور تاریخ انسانی کا بدترین گناہ اور جرم کیا،سیدنا امام حسینؓ نے ظالم یزیدی نظام کو چیلنج کیا اور یزید کے باطل اقتدار اور فسق و فجور پر مبنی نظام حکومت کے سامنے سر جھکانے سے انکار کیااور تاریخ عالم کی بے مثال قربانی دے کر ہمیشہ ہمیشہ کے لیے حق اور باطل، سچ اور جھوٹ کے درمیان لکیر کھینچ دی،بلاشبہ حق کے راستے میں سختیاں بھی آتی ہیں اور ان سختیوں کو خندہ پیشانی کے ساتھ برداشت کرنا حسینیتؓ ہے، جب تک حسینیؓ فکر ہمارے ایمان کا نیوکلیس رہے گی، کوئی یزید اپنے ظالم اقتدار کو زیادہ دیر تک مسلط نہیں رکھ سکے گا،آج بھی ہر طرح کے ظلم واستحصال اور یزیدی فکر کے قلع قمع کے لیے حسینی فکر،جذبہ حریت اور جرأت و بہادری پر عمل پیرا ہونا ہو گا۔

 ڈاکٹر طاہرالقادری نے محرم الحرام کی آمد پر اپنے پیغام میں کہا کہ اہل بیت اطہار نے دین محمدیﷺ کی اصل شکل و صورت کو قائم و دائم رکھنے، اس کی ترویج و اشاعت اور احیاء کے لیے جان و مال کی بے مثال قربانیاں دیں اور رہتی دنیا تک کے مسلمانوں کو پیغام دیا کہ جب کوئی طاقت کے نشے میں سچ اور جھوٹ کی سرحدیں ملانے کی کوشش کرے ، ظلم ، دہشت کے ذریعے انسانوں کو غلام بنانے کی کوشش کرے، شعائر اسلام اور متفق شرعی احکامات پر حملہ آورہو تو پھر جان ومال سے محبت کو ثانوی حیثیت دے دی جائے اور پوری ایمانی قوت کے ساتھ سچ کا علم تھام کر کلمہ حق بلند کیا جائے۔ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ حضور نبی اکرم ﷺ حسنین کریمینؓ  کو گلشن دنیا کے دو پھول قرار دیتے تھے اور ان سے بے حد محبت و شفقت فرماتے تھے، آپ ﷺ کا فرمان ہے کہ قیامت کے دن میرے حسب نسب کے سوا ہر سلسلہ منقطع ہو جائے گا،اہل بیتؓ اطہار سے محبت صراط مستقیم اور جنت کی طرف لے جانے والا عمل ہے، اہل بیتؓ اطہار کی عزت و تکریم کی اہمیت اور فضیلت اس حدیث مبارکہ سے واضح ہوتی ہے جس میں آپ ﷺ نے حضرت علی کرم اللہ وجہہ،حضرت فاطمہؓ ، حضرت حسنؓ اور حضرت حسینؓ کو مخاطب کرتے ہوئے فرمایا تم جس سے لڑو گے میں بھی اس کے ساتھ حالت جنگ میں ہوں اور جس سے تم صلح کرنے والے ہو میں بھی اس سے صلح کرنے والا ہوں۔ حضرت عائشہؓ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا 6بندوں پر میں لعنت کرتا ہوں اور اللہ تعالیٰ بھی ان پر لعنت کرتا ہے اور سابق انبیاء بھی ان پر لعنت کرتے ہیں،ان 6قبیح افعال میں سے ایک میری عترت کی حرمت کو پامال کرنے والا عمل ہے۔

مزید :

علاقائی -پنجاب -لاہور -