دنیا میں کوئی تحریک بھی خواتین کے بغیر اپنے مقاصد کو حاصل نہیں کرسکتی،کشمیری ماؤں ،بہنوں اور بیٹیوں کو سلام پیش کرتے ہیں:سراج الحق

دنیا میں کوئی تحریک بھی خواتین کے بغیر اپنے مقاصد کو حاصل نہیں کرسکتی،کشمیری ...
دنیا میں کوئی تحریک بھی خواتین کے بغیر اپنے مقاصد کو حاصل نہیں کرسکتی،کشمیری ماؤں ،بہنوں اور بیٹیوں کو سلام پیش کرتے ہیں:سراج الحق

  

کراچی(ڈیلی پاکستان آن لائن)امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سرا ج الحق نے کہاہے کہ ہم کشمیر کی ان عظیم ماؤں کو سلام پیش کرتے ہیں جنہوں نے تحریک آزادی کشمیر کے لیے اپنے بیٹوں کو قربان کیا،کشمیری ماؤں،بہنوں ،بیٹیوں کی عظیم قربانیوں سے ہی مقوضہ کشمیر میں آزادی کی تحریک آگے بڑھ رہی ہے اور ہندوستان کے ظلم و جبر کے سامنے کشمیری پہاڑ کی طرح کھڑے ہیں،پاکستان کی خواتین کشمیر کی جرأت مند ماؤں بہنوں بیٹیوں کا پیغام ہر گھر میں پہنچائیں،کشمیری ہمارے تعاون اور مدد کے مستحق ہیں۔

 کراچی میں جماعت اسلامی حلقہ خواتین کی مرکزی شورٰی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئےسینیٹر سراج الحق نے کہاکہ دنیا میں کوئی تحریک بھی خواتین کے بغیر اپنے مقاصد کو حاصل نہیں کرسکتی ،جس طرح تحریک پاکستان میں خواتین کا نمایاں کردار تھا، اسی طرح کشمیر کی جدوجہد آزادی میں خواتین نے بنیادی کردار ادا کیاہے اور وہ بھارتی مظالم کے باوجود جرأت و استقامت سے کھڑی ہیں اور 72 سال سے آزادی کی تحریک کو زندہ رکھے ہوئے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان کو اسلامی و فلاحی ریاست بنانے کے لیے خواتین کو اپنے محاذ پر جدوجہد کو لے کر آگے بڑھنا ہوگا،مغربی طاقتیں اور مغرب کی پروردہ این جی اوز پاکستان کی اسلامی شناخت کو ختم کرنے اور اپنے سیکولر ایجنڈا کی تکمیل اور مادر پدر آزاد معاشرے کے لیے سرگرم ہیں،ان کے اس دین بے زار ایجنڈے کو ناکام بنانے اور اسلامی معاشرے کی تشکیل کے لیے خواتین موثر کردار ادا کر سکتی ہیں۔ 

سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ خواتین کے حقوق کے تحفظ کے لیے کام کرنے کی ضرورت ہے،غریب اور پسماندہ طبقہ کی خواتین استحصال کاشکار ہیں،خاص طور پر بیوہ خواتین اور یتیم بچوں کے لیے معاشرے میں شعور بیدار کرنے کے لیے ایک بڑی تحریک کی ضرورت ہے،خواتین یہ کام آسانی کے ساتھ کر سکتی ہیں،جماعت اسلامی کی خواتین کارکنان کو اسلامی تہذیب و تمدن کے فروغ کے لیے اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔

مزید :

علاقائی -سندھ -کراچی -