’حکومت کو گھر جانے پر مجبور کردیا جائے گا، ن لیگ میں فارورڈ بلاک بن ہی نہیں سکتا کیونکہ ۔۔۔‘ کاشف عباسی کا حیران کن دعویٰ

’حکومت کو گھر جانے پر مجبور کردیا جائے گا، ن لیگ میں فارورڈ بلاک بن ہی نہیں ...
’حکومت کو گھر جانے پر مجبور کردیا جائے گا، ن لیگ میں فارورڈ بلاک بن ہی نہیں سکتا کیونکہ ۔۔۔‘ کاشف عباسی کا حیران کن دعویٰ

  

اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) سینئر صحافی و اینکر پرسن کاشف عباسی نے دعویٰ کیا ہے کہ مہنگائی کے ستائے عوام گھروں سے باہر نکلیں گے اور حکومت کو گھر جانے پر مجبور کردیا جائے گا، ن لیگ میں فارورڈ بلاک بن ہی نہیں سکتا کیونکہ یہ اپنی آزمائش سے گزر چکی ہے ، مریم نواز کے قریبی لوگ کہہ رہے ہیں چوہدری نثار ٹھیک کہتے تھے، شہباز شریف اپنے بھائی کے خلاف کھڑے نہیں ہوں گے ، پیپلز پارٹی میں فارورڈ بلاک بن سکتا ہے لیکن پارٹی نہیں ٹوٹے گی۔

نجی ٹی وی ہم نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کاشف عباسی کا کہنا تھا کہ حکومت سمجھتی ہے کہ مہنگائی کی وجہ سے کوئی حکومت نہیں گئی لیکن موجودہ حکومت کے خلاف عوام سڑکوں پر نکلیں گے تو اسے گھر بھیج دیا جائے گا، موجودہ حکومت نے گزشتہ ایک سال کے دوران گرفتاریوں کے سوا کوئی کارکردگی نہیں دکھائی، پی ٹی آئی نے میرٹ اور اخراجات کم کرنے سمیت بہت سے وعدے کیے لیکن ان پر عمل نہیں کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن میں مسلم لیگ ن میں فارورڈ بلاک بننے کے امکانات بہت کم ہیں کیونکہ یہ اپنی سخت آزمائش سے گزر چکی ہے ، مریم نوازکے قریبی لوگ اب کہہ رہے ہیں کہ غلطی ہو گئی ، اس کا مطلب اب پارٹی کے اندر یہ سوچ پروان چڑھ رہی ہے کہ لڑنے کا کوئی فائدہ نہیں اور چوہدری نثار ٹھیک کہتے تھے۔

کاشف عباسی کا کہنا تھا کہ جب شہباز شریف کے نواز شریف کے خلاف جانے کے امکانات تھے تو وہ نہیں گئے اس لیے اب بھی وہ اپنے بھائی کے خلاف نہیں جائیں گے۔

اینکر پرسن نے دعویٰ کیا کہ پیپلز پارٹی میں فارورڈ بلاک بن سکتا ہے لیکن پارٹی ٹوٹنے کے امکانات نہیں ہیں۔ سندھ میں صرف ایک ہی جماعت ہے اور کوئی اس کے خلاف جا کر اپنا سیاسی کیریئر ختم نہیں کرے گا ، جو بھی فریال تالپور کے خلاف کھڑا ہوگا اسے پارٹی سے فارغ کردیا جائے گا۔

مزید :

علاقائی -اسلام آباد -