حکومت نواز شریف کی بحث چھیڑ کر مسائل سے توجہ ہٹانا چاہتی ہے: رانا ثناء اللہ
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) مسلم لیگ ن کے رہنما رانا ثںاء اللہ کا کہنا ہے کہ حکومت نے خود نواز شریف کو باہر بھیجا، انہیں خدشہ ہے کہ نواز شریف واپس نہ آجائیں اس لیے وہ ان سے متعلق بحث چھیڑ کر اصلی مسائل سے توجہ ہٹانا چاہتے ہیں۔
نجی ٹی وی جیو نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ ن پنجاب کے صدر رانا ثناء اللہ خان نے کہا کہ نوازشریف کی پہلی ترجیح علاج ہے، کورونا کی وجہ سے نوازشریف کا علاج تاخیرکا شکار ہوا، اکتوبر تک علاج کے معاملات حل ہوں گے تو اس کے بعد وطن واپسی ہوگی، بیماری کی نوعیت ایسی ہےکہ تھوڑی سی بھی بے احتیاطی مسائل پیدا کرسکتی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ چھوٹی سوچ کے مالک لوگ نوازشریف کی صحت پر سیاست کررہے ہیں، ہر کسی کو سازش کرکے سزا نہیں دلائی جاتی، نوازشریف کا بطور قیدی دوسرے قیدی سے موازنہ نہیں کرایا جاسکتا، حکمرانوں کے جھوٹ اور سازشیں بے نقاب ہوچکی ہیں، مسلم لیگ ن کا کوئی نقصان نہیں ہورہا۔