پاک سعودی تعلقات مضبوط بنیادوں پر قائم ہیں: قومی وطن پارٹی سعودی عرب
ریاض (وقار نسیم وامق) سعودی عرب میں قومی وطن پارٹی کی جانب سے تقریب منعقد کی گئی جس میں پارٹی عہدیداروں سمیت کارکنان کی بڑی تعداد نے شرکت کی. تقریب میں مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاک سعودی تعلقات مضبوط بنیادوں پر قائم ہیں جو کبھی بھی زوال پذیر نہیں ہوسکے.
دارالحکومت ریاض میں منعقد ہونے والی قومی وطن پارٹی کی تقریب میں مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب اقوام عالم کے اہم ترین ممالک ہیں سعودی عرب میں لاکھوں پاکستانی حرمین الشریفین کی بدولت اس سے دلی لگاؤ رکھتے ہیں جبکہ یہاں پر جہاں وہ سعودی عرب کی تعمیر و ترقی میں اپنا کردار نبھا رہے ہیں وہیں پر پاکستان کی بھی بہتر انداز کے ساتھ خدمت کرنے میں مصروف ہیں.
قومی وطن پارٹی سعودی عرب کے مرکزی صدر اقبال ودود نے کہا کہ کورونا وائرس کی وجہ سے لاک ڈاؤن اور کرفیو کے دوران پختون کیمونٹی نے لوگوں کی بلاتفریق خدمت کرکے مثالی کردار نبھایا ہے اور اسی طرح ہم آگے بھی خدمت خلق کا یہ سلسلہ جاری رکھیں گے، پارٹی کے مرکزی قائد آفتاب احمد خان شیرپاؤ کی واضح ہدایات پر ہم عمل پیرا ہیں اور کوشش میں رہتے ہیں کہ کورونا وائرس کی وجہ سے لاک ڈاؤن سے متاثرہ افراد کی بہتر انداز میں مدد کو یقینی بنائیں.
اقبال ودود نے مزید کہا کہ حکومت پاکستان کی جانب سے سعودی عرب سمیت دیگر ممالک میں پھنسے پاکستانیوں کی بروقت مدد نا ہونا ایک المیہ ہے جس سے بیرون ممالک مقیم پاکستانیوں کو مایوسی کا سامنا کرنا پڑا ہے، حکومت پر بھاری ذمے داری عائد ہوتی ہے کہ جو بھی بیرون ممالک پاکستانی بے روزگار ہوئے ہیں ان کو پاکستان میں بہتر ملازمت اور سہولیات فراہم کی جائیں.
اقبال ودود نے پی ٹی آئی گورنمنٹ پر تنقید کرتے ہوے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف اپوزیشن میں رہ کر بھی الزامات کی سیاست کر رہی تھی اور اب دو سال سے اقتدار میں رہ کر انتقام کی سیاست کر رہی ہے، ملک کو قرضوں کے بوجھ تلے دبا دیا گیا ہے جس سے مہنگائی آسمان کو چھو رہی ہے عام آدمی کو زندگی جینا محال ہوچکا ہے، خیبرپختونخوا میں نااہلی کی وجہ سے صوبے بھر میں ابتر صورتحال ہے اور کوئی پروجیکٹ عوام کی فلاح کے لئے موجود نہیں ہے اسی طرح وفاقی سطح پر بھی پی ٹی آئی کے پاس کھوکھلے وعدوں اور عوام کو سبز باغ دیکھانے کے علاوہ اور کوئی پالیسی موجود نہیں ہے.
تقریب سے سلطان زیب، نادر خان، جلال خان، عبدالستار خان، جاوید خان اور دیگر نے خطاب کیا، آخر میں پختون کیمونٹی کی جانب سے سماجی و فلاحی خدمات سرانجام دینے والوں کو اعزازی شیلڈز سے بھی نوازا گیا.