مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف کراچی کا دورہ کریں گے
لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن) مسلم لیگ ن کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف جلد کراچی کا دورہ کریں گے۔
نجی ٹی وی ہم نیوز نے ذرائع کے حوالے سے کہاہے کہ مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف 2 ستمبر کو کراچی کے دورے پر روانہ ہوں گے جہاں وہ بارش سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کریں گے۔
دورہ کراچی کے دوران شہباز شریف پارٹی رہنماؤں سے بھی ملاقاتیں کریں گے جبکہ شہباز شریف مسلم لیگ ن کی مقامی قیادت کو کراچی میں ریلیف سرگرمیاں کی ہدایات دیں گے۔
شہباز شریف نے بارشوں اور سیلابی صورتحال پر قوم سے نوافل ادا کرنے کی اپیل کر دی۔ صدر مسلم لیگ ن نے کہا کہ بارشوں کا سلسلہ روکنے کے لیے اللہ تعالی سے دعائیں کی جائیں۔
انہوں نے بارشوں اور سیلاب سے جانی ومالی نقصانات پر افسوس کا اظہار بھی کیا۔ شہبازشریف نے ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے اداروں اور رضاکاروں کو خراج تحسین پیش کیا۔شہباز شریف نے کہا کہ مشکلات سے دوچار پاکستانیوں کی مدد ہم سب کی دینی، ملی اور قومی ذمہ داری ہے۔