حلقہء فکروفن کے زیراہتمام احمد فراز کی برسی منائی گئی، نئے عہدیداروں کا انتخاب عمل میں لایا گیا

حلقہء فکروفن کے زیراہتمام احمد فراز کی برسی منائی گئی، نئے عہدیداروں کا ...
حلقہء فکروفن کے زیراہتمام احمد فراز کی برسی منائی گئی، نئے عہدیداروں کا انتخاب عمل میں لایا گیا

  

ریاض (وقار نسیم وامق) سعودی عرب میں نامور شاعر احمد فراز کی بارہویں برسی کے موقع پر ادبی تنظیم حلقہء فکروفن کی جانب سے ادبی نشست کا اہتمام کیا گیا جس میں تنظیم کے اراکین نے احمد فراز کی ادبی خدمات کے حوالے سے گفتگو کی اور منظوم کلام پیش کیا. 

سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں گزشتہ چالیس سالوں سے ادب کے فروغ کے لئے کوشاں ادبی تنظیم حلقہ فکروفن کی جانب سے منعقد کردہ ادبی نشست میں احمد فراز کی یاد کو تازہ کرتے ہوئے حلقہ فکروفن کے صدر ڈاکٹر ریاض چوہدری نے کہا کہ یوں تو ہر شاعر ہی ادب کے فروغ کے لئے اپنی شاعری کے جوہر سے ادب کو ہمکنار کرتا ہے تاہم احمد فراز منفرد تھے یہی وجہ ہے کہ ان کا مقام جداگانہ ہے انہوں نے اپنی شاعری کے ذریعے جہاں محبت جیسی دلفریب کیفیت کو الفاظ کی صورت میں ڈھالا وہیں پر معاشرے کے ہر طبقے کے مسائل کو بھی بیان کیا، احمد فراز ایک انقلابی شاعر تھے جنھوں نے ملکی نظام کو بھی جھنجھوڑنے میں انقلابی شاعری کا سہارا لیا، احمد فراز کی تخلیقات سے اگلی کئی نسلیں مستفید ہوتی رہیں گی تاہم ضرورت اس امر کی بھی ہے کہ احمد فراز سمیت دیگر شعراء کرام کے تخلیقی ادب کو محفوظ بنانے اور عام کرنے کے لئے حکومتی سرپرستی میں کام کیا جائے یہ خوش قسمتی ہے کہ اس وقت احمد فراز کے بیٹے شبلی فراز سینٹ میں حکومتی عہدیدار ہیں ان کو چاہئیے کہ وہ ادب کے فروغ کے لئے حکومتی سطح پر اقدامات کو یقینی بنائیں. 

ادبی نشست کے مہمان خصوصی قاضی اسحاق میمن نے کہا کہ احمد فراز جیسے شاعر صدیوں بعد پیدا ہوتے ہیں اور وہ اس صدی کے نامور شعراء کرام میں سے ایک تھے وہ ہر طبقے میں پسند کیے جاتے تھے ان کی غزلیں نوجوان طبقے میں خاصی مشہور رہیں. 

حلقہ فکروفن کے جنرل سیکرٹری وقار نسیم وامق نے احمد فراز کی شاعری پر مشتمل خلاصہ بیان کرتے ہوئے ان کی شاعری پر مشتمل کلام میں سے اشعار کو پڑھا اور احمد فراز کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ احمد فراز نے سعودی عرب میں حلقہ فکروفن کے پلیٹ فارم سے بطور مہمان خصوصی شرکت کی جس پر ہم فخر کرتے ہیں اور ہم سمجھتے ہیں کہ ہم ان کے قرب سے مستفید ہوئے. 

حلقہ فکروفن کے ناظم الامور ڈاکٹر طارق عزیز کے علاوہ ڈاکٹر سعید احمد وینس، مخدوم امین تاجر، شعیب شہزاد، ڈاکٹر محمود باجوہ اور طلحہ ظہیر نے بھی احمد فراز کو خراج عقیدت پیش کیا. 

حلقہ فکروفن کی جانب سے تنظیم میں مخدوم امین تاجر کو سنئیر نائب صدر، شعیب شہزاد کو نائب صدر اور طلحہ ظہیر کو انفارمیشن سیکرٹری نامزد کیا گیا جبکہ مجلس عاملہ میں ذکاءاللہ محسن اور الیاس رحیم کو بھی حصہ بنایا گیا ہے. 

مزید :

عرب دنیا -تارکین پاکستان -