بارشوں کے باعث کراچی کی ابتر صورتحال، وسیم اکرم نے انگلینڈ سے اہلیان کراچی کیلئے پیغام بھیج دیا

بارشوں کے باعث کراچی کی ابتر صورتحال، وسیم اکرم نے انگلینڈ سے اہلیان کراچی ...
بارشوں کے باعث کراچی کی ابتر صورتحال، وسیم اکرم نے انگلینڈ سے اہلیان کراچی کیلئے پیغام بھیج دیا

  

مانچسٹر (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز سابق کپتان اور فاسٹ باﺅلر وسیم اکرم نے بارشوں کے باعث مسائل سے پریشان اہلیان کراچی کیلئے اپنے پیغام میں ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔ 

تفصیلات کے مطابق قومی ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم نے اپنی اہلیہ شنیرا اکرم کے ہمراہ مانچسٹر سے ایک ویڈیو بیان ریکارڈ کروایا جس میں انہوں نے بارشوں کی وجہ سے مشکلات کا شکار اہلیان کراچی سے ہمدردی کا اظہار کیا۔ سوئنگ کے سلطان کا کہنا تھا کہ میں اہلیان کراچی سے ہمدردی کرتے ہوئے ان کی سلامتی کیلئے دعا گو ہوں، انگلینڈ میں بیٹھ کر جو تصاویر اور ویڈیوز ہم دیکھ رہے ہیں وہ بہت ہی افسوسناک ہیں اور یہ سب دیکھ کر ہم بہت پریشان بھی ہیں، لہٰذا ہم اہلیان کراچی سے درخواست کرتے ہیں کہ وہ گھروں میں محفوظ رہیں اور کسی ضرورت کے بغیر گھروں سے باہر نہ نکلیں۔

وسیم اکرم کی اہلیہ شنیرا اکرم نے بھی عوام سے اپیل کی کہ وہ گھروں سے نہ نکلیں اور اپنے دوستوں یا پھر کسی دیگر محفوظ مقام پر پناہ لیں۔ بعد ازاں گزشتہ روز میچ ختم ہونے کے بعد بھی وسیم اکرم نے کراچی کے عوام کیلئے اپنے پیغام میں کہا کہ عام دنوں میں پانی کوترسنے والا شہر کراچی اب پانی میں ڈوبا ہوا ہے، میں اپنی اور پاکستان کرکٹ ٹیم کی جانب سے اہلیان کراچی سے ہمدردی کرتے ہوئے ان کی سلامتی کیلئے دعا گو ہوں۔

مزید :

کھیل -