قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم اور محمد رضوان کی تصویر وائرل ہو گئی
مانچسٹر (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان ٹی 20 کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم اور وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان کی دوران میچ لی گئی تصویر وائرل ہو گئی ہے جس میں محمد رضوان کو بابراعظم کے کندھے دباتے دیکھا جا سکتا ہے۔
تفصیلات کے مطابق قومی ٹیم کے بیٹنگ کوچ یونس خان نے یاسر شاہ کے بال سنوارے تو وکٹ کیپر رضوان نے ٹی 20 کپتان بابر اعظم کے کندھے دبائے جس کی تصویر وائرل ہوگئی۔ انگلینڈ کے خلاف میچ کے دوران محمد رضوان ڈگ آﺅٹ میں بابر اعظم کے کندھے دباتے رہے۔ ان لمحات کی تصویر سوشل پر وائرل ہوئی تو دلچسپ تبصروں کی بھرمار ہوگئی، کچھ لوگوں نے اسے رضوان کی جانب سے کپتان کو خوش کرنے کی کوشش بھی قرار دیا۔
واضح رہے کہ اس سے قبل یونس خان کی یاسر شاہ کے بال بنانے کی ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس پر یاسر شاہ نے ردعمل دیتے ہوئے کہا تھا کہ یونس خان کےساتھ وقت گزار کر اچھا لگتا ہے، یونس خان مجھ سے اپنے بچوں کی طرح محبت کرتے ہیں۔ یاسر شاہ نے کہا تھا کہ جس طرح انہوں نے میرے بال بنائے وہ صرف اپنے بیٹے کے بناتے ہیں جس وقت وہ بال بنا رہے تھے اندازہ نہیں تھاکہ کوئی ویڈیو بنا رہا ہے۔