کورونا وائرس سے بچاؤ کا واحد طریقہ ویکسی نیشن ہے: ڈاکٹر یاسمین راشد 

  کورونا وائرس سے بچاؤ کا واحد طریقہ ویکسی نیشن ہے: ڈاکٹر یاسمین راشد 

  

لاہور (جنرل رپورٹر)وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا ہے کہ پوری دنیا کی طرح پاکستان بھی کورونا کی چوتھی لہر کا شکار ہے اور کورونا سے بچاؤ کا واحد طریقہ ویکسی نیشن ہے کیونکہ چوتھی لہر میں کووڈ وائرس کا شکار ہونے والے 88 فیصدمریض وہ ہیں جنہوں نے کورونا ویکسین نہیں کرائی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں اس وقت لاہور کورونا کا سب سے زیادہ شکار ہے جہاں مثبت کیسز کی شرح 11.7 فیصد ہے،فیصل آباد اور ملتان میں بھی کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 9.1فیصد ہے اور گوجرانوالہ میں یہ شرح آٹھ فیصد ہے۔ان خیالات کااظہار راولپنڈی انسٹیٹیوٹ آف یورالوجی میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وائس چانسلر راولپنڈی میڈیکل یونیورسٹی ڈاکٹر عمر، ایڈیشنل سیکرٹری ڈاکٹرآصف طفیل اور محکمہ صحت کے سینئر افسران بھی موجود تھے۔ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ راولپنڈی میں 44 فیصد آبادی کو کورونا سے بچاؤ کی ویکسین لگائی جا چکی ہے جو کہ راولپنڈی کے محکمہ صحت کیلئے اعزاز ہے اور بینظیر بھٹو ہسپتال میں ایک دس بیڈ کا کورونا ایمرجنسی وارڈ کا بھی افتتاح کر دیا گیا انہوں نے کہا کہ معیشت کی بحالی کیلئے پنجاب کیلئے دسمبر تک 70 فیصد آبادی کو کورونا کی ویکسین لگانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے جس کے حصول کی خاطرہر ممکن اقدامات کئے جا رہے ہیں ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ راولپنڈی انسٹیٹیوٹ آف یورالوجی کو جون 2022 تک مکمل طور پر فعال کر دیا جائے گا   انہوں نے کہا کہ آر آئی یو کیلئے 450 ملین روپے کی مشینری خریدی جا چکی ہے جن میں 30 ڈائیلیسز مشینیں اور ایک لتھو ٹرپسی مشین بھی شامل ہے صوبائی دارالحکومت میں 731 کورونا کے مریض داخل ہیں جن میں سے 531 سرکاری علاج گاہوں میں ہیں، 72 فیصد وینٹیلیٹر بیڈز پر مریض زیرعلاج ہیں۔ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ کورونا سے متاثر مریض ایمرجنسی کی صورت میں 1122 پر رابطہ کریں اور ریسکیو 1122 کی ایمبولینس میو ہسپتال میں قائم کنٹرول ٹاور کیلئے درست رہنمائی کرتے ہوئے ہسپتال میں پہنچایا جائے گا    انہوں نے کہا کہ تمام سرکاری محکموں کے عملہ اور افسران کو پابند کیا گیا ہے کہ 31 اگست تک ویکسین لگائیں۔قبل ازیں انہوں نے بینظیر بھٹو ہسپتال میں دس بستروں پر مشتمل کورونا ایمرجنسی وارڈ کا دورہ کیا اور موجود سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ انہوں نے آر آئی یو میں ایک اجلاس کی بھی صدارت کی جس میں راولپنڈی کے الائیڈ ہسپتالوں میں صحت عامہ کے منصوبوں کا جائزہ لیا اور ضروری ہدایات جاری کیں۔ انستتھزیا اور ریڈ یالوجی کے ڈپلومہ کورسز جاری کرنے کی بھی ہدایت کی۔

یاسمین راشد

مزید :

صفحہ آخر -