حکومتی پارٹی اور نام نہادبڑی اپوزیشن جماعتیں اپنے مفادات کی اسیر ہیں: سراج الحق 

حکومتی پارٹی اور نام نہادبڑی اپوزیشن جماعتیں اپنے مفادات کی اسیر ہیں: سراج ...

  

اسلام آباد(این این آئی)امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا کہ حکومتی پارٹی اور نام نہاد بڑی اپوزیشن جماعتیں اپنے مفادات کی اسیر ہیں۔ مفاد پرست طبقہ دہائیوں سے اقتدار کے ایوانوں میں براجمان، ملک اور قوم ان کی ترجیحات میں کبھی بھی شامل نہیں رہا۔ سیاسی جماعتوں کو بار بار مشورہ دیا کہ الیکشن ریفارمز کے لیے مذاکرات کریں۔ جماعت اسلامی نے اصلاحات کا ایک مکمل ڈرافٹ سب کے ساتھ شیئر بھی کیا۔ لگتا ہے کہ سٹیٹس کو کے محافظ حقیقی جمہوریت اور عوامی حکومت نہیں چاہتے۔پی ٹی آئی نے داخلی اور خارجی محاذوں پر پراگرس زیرو ہے، حالات پہلے سے بھی بدتر ہیں۔ وزیراعظم اور ان کی ٹیم عام آدمی کے حالات جاننے کی کوشش کریں تو پرفارمنس کے دعوے نہیں کر سکیں گے۔ حکمرانوں کو جان لینا چاہیے کہ باتوں سے پہاڑ کھڑے کرنے سے عوام قائل نہیں ہو گی۔ دوبارہ کہتا ہوں حکومت وضاحت کرے نیٹو فورسز کے افراد کو اسلام آباد و دیگر بڑے شہروں کے ہوٹلوں میں کیوں ٹھہرایا جا رہا ہے۔ یہ فیصلہ کس فورم پر کیا گیا، قوم وضاحت چاہتی ہے۔امید ہے قوم آئندہ انتخابات میں بوسیدہ نظام کے سرپرستوں کو مسترد کر دے گی۔ جماعت اسلامی سوسائٹی کو اسلامی اصولوں پر ڈھالنے کی جدوجہد کر رہی ہے۔ پاکستان کی تشکیل کا مقصد یہاں ایک آئیڈیل اسلامی نظام کا قیام تھا۔ 73برسوں سے قوم کا استحصال ہو رہا ہے۔ وقت آ گیا ہے حالات کا دھارا بدلا جائے۔ نوجوان ہمارا ساتھ دیں، ہم انھیں مایوس نہیں کریں۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے پشاور میں جماعت اسلامی یوتھ کے کامیاب ”کاروانِ انقلاب“ کے انعقاد پر ذمہ داران کے اعزاز میں دیے گئے عشائیہ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سراج الحق نے کہا ہے کہ چند بھیڑیوں، درندوں، استعمار اور سامراج کے ایجنٹوں نے عوام،اداروں،سیاست، دین، ملک اور قوم کو ہائی جیک کر رکھا ہے۔ ایسٹ انڈیا کمپنی کا سہارا بننے والی کرپٹ اشرافیہ کو انگریز کے جانے کے بعد قوم کی گردن پر مسلط کیاگیا۔اس اشرافیہ نے قومی اختیارات اور حقوق کو آج تک غصب کر رکھا ہے یہ کرپٹ اشرافیہ ہماری قوم کے سب سے قیمتی سرمایہ نوجوانوں کو جہنم کا ایندھن بنا رہا ہے۔مینار پاکستان کے سائے میں ہونے والے شرمناک واقعہ اور اسلام کے نام پر آباد اسلام آبادمیں زیادتی اور بربریت کے ساتھ قتل کی جانے والی نور مقدم اس کرپٹ اشرافیہ کے تحفے ہیں۔ ہمارا دشمن  ہمارے نوجوان کی شرم اور غیرت کو قتل کرنا چاہتا ہے، اس نے پولنگ سٹیشن کے ذریعے قوم کو ہائی جیک کیا۔ہم اسی پولنگ سٹیشن اور الیکشن کے محاذ پر استعمار کے ایجنٹ کو شکست دیں گے۔ دو فیصداشرافیہ نے پاکستان کے عوام اور نوجوانوں کے وسائل اور حقوق غصب کر رکھے ہیں۔علاوہ ازیں اسلام آباد(آئی این پی)امیرجماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ کشمیرہماری شہ رگ ہے، افغان طالبان سے بے سروسامانی میں کامیاب ہوسکتے تو کشمیرہم کیوں نہیں؟ ۔   وہ سابق وزیرداخلہ رحمان ملک کی کتاب کی تقریب رونمائی سے خطاب کرتے ہوئے سراج الحق نے کہا کہ رحمان ملک کی کتاب حقیقت میں ملکی نظام کیخلاف ایف آئی آرہے لیاقت علی خان اورضیاالحق کو کس نے قتل کیا؟ بینظیربھٹو،حکیم سعیدکوکس نے قتل کیا؟ سوالات ضروراٹھتے ہیں،سراج الحق نے کہا کہ اللہ نہ کرے طالبان 20لاکھ شہادتوں کے ذمہ داروں سے سمجھوتہ کریں، رحمان ملک کو مشورہ ہے افغانستان کی صورتحال پر بھی تحقیقات کریں،انہوں نے کہا کہ افغانستان پرمرضی مسلط کرنیکارویہ ترک کرکے آزاد چھوڑنا چاہیے مجھے یقین ہے افغان طالبان کامیاب ہوں گے،ہماری کہانی تکمیل پاکستان کو مکمل کرنا ہے، کشمیرہماری شہ رگ ہے طالبان سے بیسروسامانی میں کامیاب ہوسکتے تو مقبوضہ کشمیر میں ہم کیوں نہیں؟امیرجماعت اسلامی سراج الحق کا کہنا تھا کہ کشمیر سے آنیوالے دریاخشک ہوگئے تویہاں زمینیں بنجرہوجائیں گی۔

سراج الحق 

مزید :

صفحہ آخر -