انویسٹی گیشن ونگ کی نااہلی،بد اخلاقی میں ملوث دو سو سے زائد ملزم آزاد
لاہور(کرائم رپورٹر)صوبائی دارالحکومت میں رواں سال خواتین کے ساتھ بد اخلاقی کرنے والے درندہ صفت دو سو سے زائد ملزمان انویسٹی گیشن ونگ کی نااہلی کے باعث اب تک آزاد، پولیس کی اپنی ہی رپورٹ میں ملزموں کی عدم گرفتاریوں کا انکشاف ہوگیا۔تفصیلات کے مطابق خواتین سے بد اخلاقی کے واقعات میں اضافہ پولیس کی روائتی سستی کے باعث ہوا۔پولیس افسران کو دی جانے والی رپورٹ میں ہوشربا انکشافات سامنے آگئے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق لاہور انویسٹی گیشن ونگ کی نااہلی کے باعث زیادتی کے ملزم آزاد گھوم رہے ہیں، رواں برس لاہور میں بد اخلاقی کیسز میں ملوث دو سو پانچ ملزمان تاحال گرفتار نہ ہو سکے۔پولیس ریکارڈ میں مزید انکشاف ہوا ہے کہ بد اخلاقی کے کیسز میں شامل 72 ملزمان کی تاحال شناخت بھی نہ کی جا سکی، چودہ ملزمان اشتہاری جبکہ چوبیس نامزد ملزمان کو بھی انویسٹی گیشن پولیس تاحال گرفتار نہ کر پائی۔ رواں برس بد اخلاقی کے مقدمات میں 61 ملزموں کو دوران تفتیش بے گناہ قرار دے دیا گیا۔
بد اخلاقی