ڈبلیو ایس ایس پی انتظامی ڈھانچے میں تبدیلی صرف تجویز ہے، ترجمان

ڈبلیو ایس ایس پی انتظامی ڈھانچے میں تبدیلی صرف تجویز ہے، ترجمان

  

پشاور (سٹی رپورٹر)واٹر اینڈ سینی ٹیشن سروسز پشاور (ڈبلیو ایس ایس پی) کے ترجمان نے کہا ہے کہ ڈبلیو ایس ایس پی کے انتظامی ڈھانچے میں تبدیلی صرف تجویز ہے حتمی فیصلہ بورڈ آف ڈائریکٹرز کرتا ہے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی ہیومن ریسورس (ایچ آر) کمیٹی نے انتظامی ڈھانچے میں تبدیلی کے لئے چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈاکٹر حسن ناصر کو ٹاسک سونپ دیاہے مجوزہ تبدیلی کا مقصد دفتری امور کی تیز اور بہتر طریقے سے انجام دہی ہے۔ ترجمان نے کہا کہ ایچ آر کمیٹی نے ہدایت کی ہے کہ کمپنی کے مالی اخراجات میں کمی لانے کے لئے تمام امور کو مدنظر رکھ کر جامع تجاویز کا مسودہ تیار کیا جائے جس میں تمام شعبوں کے سربراہان کی تجاویز، آراء اور کمپنی کی خود انحصاری اور اپنے پیروں پر کھڑی کرنے کے اقدامات شامل ہوں۔ترجمان نے کہا کہ چیف ایگزیکٹو کی سربراہی میں سینئر مینجمنٹ کی مشاورت سے تجاویز تیار کی جائیں گی جن میں دفتری امور کو بہتر طریقے سے انجام دہی کو اہمیت دی جائیگی اور اسی تناظر میں کمپنی کے آرگینوگرام میں متوقع تبدیلیاں کی جاسکتی ہیں تاہم کسی کو ملازمت سے نہیں نکالا جائے گا اور ایسا طریقہ کار اختیار کیا جائے گا کہ اخراجات میں کمی لائی جاسکے۔  ترجمان نے کہا کہ بورڈ آف ڈائریکٹرز کے اجلاس میں لے جانے سے قبل مجوزہ تجاویز کو ایچ آر کمیٹی میں مزید بحث کے لئے پیش کیا جائے گا۔

مزید :

پشاورصفحہ آخر -