وزیراعظم پی ڈی ایم کے رہنماؤں کواین آر او نہیں دینگے، شہباز گل

   وزیراعظم پی ڈی ایم کے رہنماؤں کواین آر او نہیں دینگے، شہباز گل

  

اسلام آباد،لاہور (آئی این پی،جنرل رپورٹر) وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی ابلاغ ڈاکٹر شہباز گل نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم)کے بدعنوان رہنماؤں کو بدعنوانی کیسز میں این آر او یا کسی قسم کا ریلیف نہیں دیں گے، پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی)حکومت لٹیروں اور چوروں سے قومی دولت کی بازیابی کیلئے پر عزم ہے جیسا کہ پنجاب اینٹی کرپشن ڈیپارٹمنٹ نے لٹیروں سے450بلین روپے بازیاب کئے ہیں۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان کا اس وقت ملکی سیاست میں کوئی سٹیک نہیں ہے، وہ ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ سیاسی طور پر بے روزگار ہوئے ہیں اسلئے مذموم سیاسی مقاصد کے حصول کیلئے مدارس کے بچوں کو ڈھال کے طور پر استعمال کر رہے ہیں لیکن وہ اپنے مقاصد میں کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔ علاوہ ازیں معاون خصوصی برائے سیاسی ابلاغ ڈاکٹر شہباز گل نے کہا ہے کہ حکومت تعلیم کے فروغ کے لیے   خصوصی توجہ دے رہی ہے۔اس سلسلے میں فیصل آباد کے نواحی علاقوں میں طلبہ و طالبات کے 39سرکاری سکولوں کو پرائمری سے مڈل میں اپ گریڈ کر دیا گیا ہے۔فیصل آباد کے ان نواحی علاقوں میں ڈچکوٹ، سیلونی جھال، روشن والی جھال اور ستیانہ کے مختلف علاقوں کے سکول شامل ہیں۔کلاسز  کے اجراء  کے افتتاح پر معاون خصوصی ڈاکٹر شہباز گل نے کہا کہ اس اقدام سے مڈل تعلیم کی سہولیات سے محروم ہونے والے ہزاروں بچے اور بچیاں اپنے علاقے میں مزید تعلیم حاصل کر سکیں گی۔ انہوں نے اساتذہ سے گزارش کی بچوں کو معیاری تعلیم کی فراہمی کے لیے ہر ممکن اقدام اٹھایا جائے اور انکے مسائل کے حل کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔اس موقع پر معاون  خصوصی ڈاکٹر شہباز گل نے کہا کہ میری خواہش ہے کہ بچوں کے ساتھ ساتھ ہماری بچیاں بھی زیور تعلیم سے آراستہ ہوں اور ہر گھر کا بچہ تعلیم حاصل کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ میراخواب ہے کہ ان بچوں کا لٹریسی ریٹ سو فیصد تک کیا جائے- ڈاکٹر  شہباز گل نے مزید بتایا کہ بچوں کو اپنے گھر کے قریب ہی اعلی تعلیم کے مواقع فراہم کرنے کے لیے انکی کوششوں سے جالندھر میں لڑکیوں کا ڈگری کالج اور ڈچکوٹ میں  لڑکوں کا ڈگری کالج منظور ہو چکا ہے جلد  ہی اس کی تعمیر کا آغاز کیا جائے گا۔  انہوں  نے کہا کہ تعلیم کے ساتھ ساتھ بچوں کو  روزگار کے مواقع فراہم کرنے پر بھی خصوصی توجہ دی جا رہی ہیں۔ معاون خصوصی نے اس موقع پر وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار اور وزیر سکول ایجوکیشن پنجاب ڈاکٹر مراد راس کا  خصوصی شکریہ ادا کیا۔

مزید :

صفحہ اول -